خواجہ ثناءاللہ اور صوفی غلام محمدکی خدمات ناقابل فراموش

سرینگر//لبریشن فرنٹ سمیت کئی مزاحمتی جماعتوں نے خواجہ ثناءاللہ بٹ اور خواجہ غلام محمد صوفی کوکشمیر کی صحافتی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے مرحومین کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ یہ دونوں عہد سازشخصیات تھیں جن کی ادبی اور سماجی کاوشیں کشمیر کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں۔ یاسین ملک پارٹی صدر دفتر پرایک مجلس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات کی سیاسی و سماجی خدمات اس قوم و ملت کا اثاثہ ہیں۔خواجہ ثنا ءاللہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بے باک اورنڈرصحافی تھے،جنہوں نے کبھی اپنے ضمیر اور قلم کو آلودہ نہیں ہونے دیا۔ملک نے کہا کہ انہیں جہاں جو کچھ اچھا لگتا اُس کی تعریف کرتے اور جہاں جو کچھ برا محسوس ہوتا اُس پر تنقید کرتے۔ فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ’ آج ہم یہاں ایک عہد ساز شخصیت کو یاد کر رہے ہیں۔ ہمیں اُنہیں خراج عقیدت ادا کرنے کے ساتھ ساتھ انکے قول و کردار اور انکی کاوشوں پر بھی ایک نظر دوڑانی پڑے گی‘۔ سرینگر ٹائمز کے بانی مرحوم صوفی غلام محمد کی خدمات کویادکرتے ہوئے فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ جو انسان اپنی قوم و ملت کو کچھ دے کر رخصت ہوجاتا ہے اُس کی شان نرالی ہوتی ہے اور ایسے ہی لوگوں کو تاریخ سنہرے الفاظ میں یاد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کےلئے مرحوم نے ایسی خدمات انجام دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میر ، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور طہور صدیقی نے مرحوم خواجہ ثناءا للہ بٹ کی برسی پر انکے گھر صورہ جاکر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پرجاوید احمد میرنے کہا کہ مرحوم نے صحافت کو ایک نئی روح بخشی تھی اور مرتے دم تک اپنی صحافت کے بل پر مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو دنیا کے ایوانوں میں اجاگر کیا ۔ گورنمنٹ ایمپلائز کانفرنس کے صدر اشتیاق بیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت کے تئیں ان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نے مشکلات کے باوجود اپنا فرض خوش اسلوبی سے انجام دیا۔