خواجہ بازار سرینگر میں گرینیڈ حملہ

سرینگر//پائین شہرکے خواجہ بازار علاقے میںجمعہ کو نا معلوم مسلح افراد نے پولیس و سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا جبکہ3 دکانوں کو نقصان پہنچا ۔ گرینیڈ حملے کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میںلیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کرد ی ۔ دوپہر بعد قریب 1بجے مسلح ملی ٹینٹوں نے پولیس و سی آر پی ایف کی مشترکہ پارٹی کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا ۔سیکورٹی فورسز کونشانہ بنانے کی غرض سے ہتھ گولہ نشانہ چوک کر سڑک پر ایک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔ گرینیڈ کے آہنی ریزوں سے ایک پولیس اہلکار عاشق حسین معمولی زخمی ہوا جبکہ آس پاس 3 دکانوں کے سامنے کے شیشے چکنا چور ہو گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے غرض سے نا معلوم سمت سے گرینیڈ پھنکا گیاجو سڑک پر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی گئی ہے ۔