خواتین کی فیصلہ سازی میں شمولیت ضروری :وجے لکشمی

جموں //نیشنل کا نفرنس خواتین ونگ کی صوبائی نائب صدر وجے لکشمی داتہ نے پارٹی کی جانب سے خواتین کو بااختیاربنانے کیلئے اپنائی گئی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تاریخی فیصلے کئے ہیں جس کی وجہ سے اس وقت خواتین ہر ایک شعبہ میں سماج کی بہترین کیلئے رول ادا کررہی ہیں ۔خواتین کی بااختیاری میں نیشنل کا نفرنس کے رول پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ خواتین کی بااختیاری تعلیم اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے معقول پالیسیوں کے بغیر ناممکن ہے لیکن نیشنل کا نفرنس نے خواتین کی تعلیم ،ان کو ہر ایک شعبہ میں برابر کا درجہ دینے ،خواتین کی بیداری وتربیت کیلئے سنجیدہ رہی ہے ۔وجے لکشمی نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر وترقی کیلئے خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کر نا ضروری ہے ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ خواتین کو تعمیرو ترقی کے عمل میں شامل کر نا سماج کے مفاد میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے پنچایتوں اور ریاست کے میڈیکل کالجوںمیں لڑکیوں کیلئے ریزرویشن کے سلسلہ میں اہم رول ادا کیا ہے ۔وجے لکشمی نے ریاست میں پیدا ہو ئی صورتحال پر بولتے ہوئے کہاکہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ریاست کو کئی اہم شعبوں میں نقصان کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔انہوں نے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ سماج کی بہترین اور تعمیرو ترقی کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔