خواتین نے مختلف میدانوں میں لوہا منوایا: خاتون اول

جموں//جموںوکشمیر یونین ٹریٹری کی خاتون اوّل سمیتا مرمو نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ اپنے فرائض منصبی بہتر طریقے پر انجام دے سکتی ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ خواتین کی حوصلہ افزائی بہتر طریقے سے فراہم کی جائے۔شریمتی سمیتا مرمو پونی چک میں ایک گرلز ہوسٹل میں طالبات کے ساتھ بات چیت کر رہی تھیں۔یہ ادارہ خواتین ، بے سہارا لوگوں اور سماجی کے کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے وقف ہے۔خاتون اول نے مزید کہا کہ قدرت نے خواتین کو ازل سے ہی مضبوط بنایا ہے اور اس بات کا ثبوت اُن کے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں اُن کے رول سے ظاہر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہمیشہ مختلف میدانوں میں اپنا لوہا منوایا ہے اور وہ مردوں سے کسی بھی طرح کم نہیں ۔اُنہوں نے حکومت کی طرف سے کئی پالیسی فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں کے تحت بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو مہم شروع کی گئی جس کے نتیجے میں بچیوں کی نگہدا شت اور ان کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے گئے۔بعد میں شریمتی سمیتا مرمو نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور اُن کی کاوشوں کو سراہا ۔اِس موقعہ پر کئی اہم شخصیات موجود تھیں جن میں جے دیو ، شتریہ سنگھٹن منتری، سیوا بھارتی،خواتین ایس ایچ جیز ، مقامی خواتین اور ہوسٹل میں مقیم طالبات بھی موجود تھیں۔