خواتین عالمی کپ

ہیملٹن/ امیلیا کیر کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی (50 رن ، تین وکٹیں)، ایمی سیٹرتھویٹ (75) کی نصف سنچری اور لی تاہو (17 رن پر تین وکٹ) اور ہیلی جینسن (30 رن پر دو وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے یہاں جمعرات کو 2022 خواتین کرکٹ عالمی کپ میچ میں ہندوستان کو یکطرفہ انداز میں 62 رن سے شکست دی۔ہندوستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا لیکن وہ نیوزی لینڈ کو چیلنجنگ اسکور بنانے سے نہیں روک سکی۔ نیوزی لینڈ نے دو نصف سنچریوں کی مدد سے 50 اوورز میں نو وکٹ پر 260 رنز بنائے اور بعد میں ہندوستان کو 46.4 اوورز میں 198 رنز پر سمیٹ دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلیا کیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بلے بازی میں پانچ چوکوں کی مدد سے 64 گیندوں پرنصف سنچری اننگز کھیلی اور گیندبازی میں نو اوورز میں 56 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ساتھ ہی اسیٹرتھ ویٹ نے 84 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے ۔ وکٹ کیپر بلے باز کیٹی مارٹن نے 41 اور کپتان سوفی ڈیوائن نے 35 رنز کا تعاون کیا۔ امیلیا کے علاوہ لی تاہوہو نے 10 اوورز میں 17 رن دے کر تین وکٹ اور ہیلی جینسن نے 6.4 اوورز میں 30 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ اسیٹرتھ ویٹ کو ان کی شاندار نصف سنچری کے لیے 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ہندوستان کی جانب سے تجربہ کار بلے باز ہرمن پریت کور نے 63 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 71 رنز بنائے جبکہ کپتان متھالی راج نے 56 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز بنائے ۔ ایک بار پھر پوجا وستراکر بولنگ میں کامیاب رہیں اور 10 اوورز میں 34 رنز دے کر سب سے زیادہ چار وکٹیں لیں۔ راجیشوری گائیکواڈ نے بھی 10 اوور میں 46 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔ جھولن گوسوامی اور دپتی شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی یہ پہلی شکست ہے جبکہ میزبان نیوزی لینڈ لگاتار دوسرا میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر برقرار ہے ۔ اس شکست کے ساتھ ہندوستانی ٹیم پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے ۔(یواین آئی)