عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//پٹن کے خمبیار کے مردو زن نے سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر دھرنا دیکر محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے کہا کہ ان کا علاقہ گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے ۔ قصبہ پٹن کے خمبیار علاقے کے لوگوں نے جن میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھیں، نے محکمہ جل شکتی کیخلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان کا علاقہ گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے ۔ احتجاج کرنے والی خواتین نے بتایا کہ انہوںنے گھروں میں ٹویب ویل بھی لگائے لیکن ان سے جو پانی آتا ہے وہ بدبو دارہے اور پینے کے قابل نہیں ہے ۔ لوگوںنے اس ضمن میں کہا کہ محکمہ کے متعلقہ افسران سے کئی بار اس بارے میں بات کی گئی تاہم انہوںنے آج تک کوئی بھی کارروائی نہیں کی ۔ احتجاج پر بیٹھے لوگوں نے کئی گھنٹوںتک سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر دھرنا دیکر ٹریفک کی نقل وحمل روک دی ۔ اس دوران پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران جائے موقع پر پہنچے جنہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کے ساتھ بات کی جائے گی جس کے بعدمظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہوئے ۔