مساجد، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں خصوصی تقاریب
سرینگر// وادی میں خلیفہ اول حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓ کاعرس مبارک آج تزک واحتشام اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہورہی ہے جہاں سرد موسم کے باوجود ہزاروں فرزندان توحید پیغمبر اسلام حضرت محمدؐکے موئے مقدس کے دیدار سے فیضاب ہونگے۔ زائرین کو سہولیات بہم رکھنے کیلئے صوبائی وضلع سرینگرانتظامیہ اور وقف بورڈ کے ساتھ ساتھ کئی سرکاری محکموں اور نجی اداروں و تنظیموں نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ حضرتبل میں زائرین کے رش کے پیش نظر مختلف علاقوں سے یہاں پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ادھر عرس کے سلسلے میں آثار شریف شہری کلاش پورہ ،جناب صاحب صورہ،سید صاحب سونہ وار کے ساتھ ساتھ بارہمولہ،پنجورہ شوپیان،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،کعبہ مرگ اننت ناگ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوں،آستانوں اور مساجد میں بھی روح پرور تقاریب کا اہتمام ہورہا ہے ۔
عرس مبارک پر انتظامات کی اپیل
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عرس مبارک خلیفہ اول سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے پیش نظر درگاہ حضرت بل میں خصوصی انتظامات، خاص کر بجلی، پینے کے پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات ہر سطح پر عقیدت مندوں کیلئے دستیاب رکھیں۔ انہوں نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ عرس مبارک کے سلسلے میں آثار شریف شہری کلاش پورہ، جناب صاحب صورہ، لال بازار، پنجورہ شوپیاں، اہم شریف بانڈی پورہ، کعبہ مرگ، سیر ہمدان، ڈانگر پورہ میں بھی تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے اور ان مقدس درگاہوں پر موئے مبارک آنحضورؐ اور دیگر تبرکات کی نشاندہی کی جاتی ہے اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد ان درگاہوں پر حاضری دیتی ہے، اس لئے انتظامیہ اور مسلم اوقاف ٹرسٹ کے زعما کو زائرین کیلئے تمام انتظامات حسب قدیم میسر رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ ان ایام متبرکہ کے دوران کووڈ رہنما خطوط پر من و عن عمل کریں۔
حضرت ابوبکر صدیقؓ کی سیرت طیبہ مشعل راہ:مولانا قانونگو
سرینگر//پورے عالم اسلام میں خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کا آج یوم وصال منایاجارہا ہے۔ اس کے والہانہ عقیدت کے پیغام تہنیت میں صدر انجمن حمایت الاسلام مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہاکہ حج کی فرضیت کے بعد اولین امیر حج بننے کا شرف انہی کو حاصل ہے۔ اس حج میں حضورؐ کی طرف سے خداوندی احکامات کا اعلان انہی کی زبان مبارک سے ہوا ہے۔ انہی ؓکی دختر حضورؐ کی نکاح میں آئی جن کی ذہانت کے ذریعے احادیث نبویہ کا بہت بڑا مجموعہ امت اسلام کو نصیب ہوا بلکہ اس نکاح کی افادیت دین کے باریک مسائل کو نسائِ عالمین تک پہنچانے کا غرض وغایت تھا۔انہوں نے کہا کہ حضور اقدسؐ نے 17نمازیں حضرت ابوبکرصدیقؓ کی اقتدا میں ادا کیں۔ ان ہی تمام اوصاف جمیلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے جمہورصحابہؓ نے ان سے بیعت کرکے خلیفتہ الرسولؐ کا اعلان کیا۔اس طرح آنجنابؓ نے اپنے فطری صلاحیتوں سے سلطنت اسلامیہ ، خلافت اسلامیہ اور عقائدین کو مستحکم کرکے منصب خلافت کا حق ادا کرکے آنے والے خلفاء اسلام کیلئے مشعل راہ ثابت ہوئے۔