خلیج بنگال میں گردابی طوفان ’گلاب‘کی دستک | اُڑیسہ اور آندھرپردیش سب سے زیادہ متاثرہوگا

نئی دہلی //کچھ مہینوں قبل یاس طوفان نے ملک کے ساحلی حصوں میں خوب تباہی مچائی تھی اور اب خلیج بنگال میں ایک اور طوفان تیار ہو رہا ہے۔ اس طوفان کا نام ’گلاب‘ ہے، اور یہ نام پاکستان نے دیا ہے۔ مشرق وسط بنگال کی خلیج سے یہ طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ فی الحال یہ طوفان ڈپریشن کی شکل میں ہے۔شمال مغرب بنگال کی خلیج میں یہ ڈپریشن گردابی طوفان کی شکل اختیار کر لے گا جس کے آندھرا پردیش اور اڈیشہ سے ٹکرانے کے آثار ہیں۔ یہ گردابی طوفان جنوبی اڈیشہ اور شمالی آندھرا پردیش سے ٹکرا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق اس کا سب سے زیادہ اثر اڈیشہ کے گوپال پور سے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم کے درمیان ہوگا۔ گردابی طوفان ’گلاب‘ کا لینڈ فال آندھرا پردیش کے کلنگ پٹنم میں ہو سکتا ہے۔دوسری طرف مغربی بنگال پر بھی طوفان کا اثر پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ہلکی بارش ہوگی اور پیر کو جنوبی بنگال میں تیز بارش کا امکان ہے۔ طوفان کا سب سے زیادہ اثر شمال و جنوب 24 پرگنہ، جھاڑگرام کے ساتھ مشرقی اور مغربی مدناپور ضلعوں میں پڑ سکتا ہے۔اس کے ساتھ ہی خلیج بنگال میں ایک اور ڈپریشن کے تیار ہونے کے آثار ہیں جو بنگال اور بنگلہ دیش سے ملحق علاقوں کو متاثر کرے گا۔