خلیجی تعاون کونسل | وزیرخارجہ میٹنگ میں شرکت کرنے ریاض پہنچے

یواین آئی

ریاض+نئی دہلی// وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہند-خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ کی پہلی میٹنگ میں شرکت کے لئے اتوار کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے ۔وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پروٹوکول امور کے نائب وزیر عبدالمجید السمری نے ان کا استقبال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ’’ ہند-خلیجی تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کی پہلی میٹنگ میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے ریاض، پہنچ گئے ہیں۔اس پرتپاک استقبال کے لیے پروٹوکول امور کے نائب وزیر عبدالمجید السمری کا شکریہ۔‘‘ریاض میں وزیر خارجہ کی جی سی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ بھی متوقع ہیں۔ہندوستان اور جی سی سی کے درمیان سیاست، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی تعاون، ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات سمیت کئی شعبوں میں گہرے اور کثیر جہتی تعلقات ہیں۔جی سی سی خطہ ہندوستان کے لیے ایک بڑے تجارتی پارٹنر کے طور پر ابھرا ہے اور ایک بڑی ہندوستانی تارکین وطن کمیونٹی کا گھر ہے، جن کی تعداد تقریباً 80 لاکھ 90 ہزار ہے۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزرائے خارجہ کی میٹنگ مختلف شعبوں میں ہندوستان اور جی سی سی کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کا جائزہ لینے اور اسے گہرا کرنے کا ایک موقع ہوگی۔جی سی سی ایک علاقائی، بین الحکومتی، سیاسی اور اقتصادی یونین ہے جو بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔ کونسل کا مرکزی دفتر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع ہے۔