خطے میں امن و امان کی خاطر مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر:جماعت

سرینگر//جماعت اسلامی نے دربگام پلوامہ میں فورسز کی جانب سے طاقت کا بے تحاشہ استعمال کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔جماعت نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں کشمیر کے بے کس عوام کو اْن کا بنیادی حق دلوانے کی خاطر مؤثر اقدامات کریں اور بشری حقوق کی پامالیوں کو رْکوانے کی خاطر ضروری اقدامات کریں۔ پارٹی ترجمان نے برصغیر کے خطے میں امن و امان کے قیام کی خاطر مسئلہ کشمیر کا دائمی اور منصفانہ حل ناگزیر قرار دیا۔ موصولہ بیان کے مطابق جماعت اسلامی کا ایک وفد دربگام، راجپورہ اور آری ہل تینوں مقامات پر گیا اور غمزدہ لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے کے علاوہ یہاں جاری غیر یقینی صورتحال سے نکلنے کے لئے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل پر زور دیا تاکہ عوام بھی اپنی مرضی کے مطابق اپنی زندگی آزادانہ ماحول میںبسر کرسکیں اور خوف و دہشت کے مصیبت سے نجات حاصل کرسکیں۔