خطہ چناب : پنچایتی انتخابات کے چھٹے مرحلہ میں 80.5فیصد پولنگ درج

 ڈ وڈہ

 طاہر ندیم خان 
ڈوڈہ //ضلع کے بھدرواہ اوربھالہ بلاکوں میں چھٹے مرحلہ کی پولنگ میں ووٹروں نے بھاری تعداد میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کل ملا کر پولنگ شرح  80.4 فیصد درج کیا گیا ۔ بھدرواہ بلاک میں کل ملا کر 78.88%  فیصدووٹران اور بھالہ بلاک میں 82.61فیصد ووٹران نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔بھدرواہ بلاک میں 30 پنچایت حلقے اور 210 پنچ حلقے ہیںجسکے لئے 139 سرپنچوں اور 429  پنچوں نے اپنے کاغذات نامزدگی دائر کئے تھے،بلاک میں  24424 رجسٹرڈ ووٹران ہیں ،جن میں سے 12356 مرد اور 12068 خواتین ووٹران تھیں۔بھالہ بلاک میں 17پنچایت حلقے اور 119  پنچ حلقے ہیںجسکے لئے 72سرپنچوں اور 254 پنچ میدان میں تھے،بلاک میں 17373 رجسٹرڈ ووٹران ہیں ،جن میں سے 8816مرد اور 8557 خواتین ووٹران تھیں۔اسی طرح سے ضلع کے مرمت بلاک کے لوئر بہوتہ پنچایت میں بھی ہفتہ کے روز انتخاب ہوا ،جہاں پر کل ملا کر 90.97% ووٹران نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔پنچایت لوئر بہوتہ میں 786 رجسٹرڈ ووٹران ہیں ،جن میں سے 406 مرد اور  380 خواتین ووٹران ہیں ۔کل ملا کر ضلع کے بھدرواہ، بھالہ اور مرمت بلاک میں پولنگ پر امن طور پر منعقد ہوئی ۔
 

رام بن

زاہد بشیر

گول// ضلع رام بن کے دو بلاکوں سنگلدان اور گاندھری میں آج چھٹے مرحلے کے تحت پنچایتی انتخابات عمل میں لائے گئے جہاں سنگلدان بلاک میں کل ووٹران کی تعداد15367تھی جن میں سے 12377ووٹران نے اپنی رائے کا استعمال کیا وہیں گاندھری میں کل ووٹران کی تعداد7436تھی جن میں سے 6197ووٹران نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ سنگلدان میں 12پنچایتوںاور گاندھری میں5پنچایتوں میں آج ووٹ ڈالے گئے ۔ آج صبح آٹھ بجے سے دونوں بلاکوں میں ووٹنگ کا عمل شروع ہوا اور دو بجے اختتام ہوا ۔ اس دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ دو بجے کے بعد تمام پنچایتی سطح پر ووٹنگ کی گنتی شروع ہوئی اور آخری اطلاع ملنے تک ووٹنگ کی گنتی جاری ہے اور نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں ۔

ریاسی 

زاہد ملک

ریاسی //پنچایت انتخابات کے چھٹے مرحلہ میںہفتہ کے روز بھاری پولنگ درج کی گئی۔ضلع میں چھٹے مرحلہ میں تھورو، جج گلی،ٹھاکرا کوٹ بلاکوں میںپولنگ منعقد ہوئی۔تفصیلات کے مطابق تھورو، جبگلی،ٹھاکرا کوٹ بلاکوںمیں بالترتیب 87.42 فیصد،82.16  فیصد اور 86.34 فیصد پولنگ ہوئی ۔تھورو بلاک میں 12852 ووٹروں میں سے 11235 ووٹروں نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔جبگلی بلاک میں 8477 ووٹوں میں سے 6965 ووٹ ڈالے گئے جبکہ ٹھاکرا کوٹ بلاک میں7218 ووٹوں میں سے 6232 ووٹ ڈالے گئے۔انتخاب میں خاص بات یہ تھی کہ ضلع کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں میںبزرگ ووٹروں نے بھی اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا،جنھیں اپنے اہل خانہ نے پولنگ اسٹیشن تک پہنچایا تھا۔