جموں //صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے منگل کے روز یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے بس سٹینڈ اور قومی شاہراہ پر درماندہ مسافروں کی سلامتی ریاستی انتظامیہ کا اولین فرض ہے اور انہیں بہتر سہولیات دستیاب کرانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 70 فیصد سڑکیں صاف کی گئی ہیں جبکہ باقی ماندہ سڑکوں کو دو یا تین دنوں کے اندر اندر بحال کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ سڑکیں بھاری برف باری اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے بند ہوئی تھیں ۔ آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار ، آئی جی پی جموں منیش کے سنہا اور ڈپٹی کمشنر جموں راکیش کمار بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ ناساز گار موسمی حالات کی وجہ سے درماندہ ہوئیں 600 گاڑیوں نے منگل کے روز ٹنل کراس کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، راجوری ، پونچھ اور دیگر علاقوں میں 1700 کلو میٹر سڑکوں میں سے 1400 کلو میٹر سڑکیں صاف کی جا چکی ہیں جبکہ باقی ماندہ سڑکوں کو بحال کرنے کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے کافی تعداد میں افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگایا جا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برف سے ڈھکے علاقوں میں راشن ، ایل پی جی ، ادویات ، پیٹرول اور دیگر ضروری چیزوں کا وافر سٹاک موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں درماندہ مسافروں کو جموں سے سرینگر اور ڈوڈہ ، کشتواڑ سے جموں منتقل کیا جا چکا ہے ۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ ڈوڈہ ، رام بن اور کشتواڑ میں 90 فیصد بجلی بحال کی جا چکی ہے جبکہ باقی علاقوں میںاگلے روز تک یہ کام مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے درماندہ مسافروں کی مدد کیلئے ٹریفک ، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کے افسروں اور اہلکاروں کی تعریف کی ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور انتظامیہ متاثرہ لوگوں کو ہر طرح کی سہولیات بہم کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان نا ساز گار موسمی حالات کے دوران عوامی کی بہتر خدمت کیلئے لوگوں کا تعاون ضروری ہے ۔
خطہ چناب و پیر پنچال کی 70فیصد سڑکیں صاف
