خطہ چناب میں ووٹنگ آج

بانہال // پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے آج وادی چناب ، ادہمپور اور کٹھوعہ کی چھ اضلاع پر مشتمل پارلیمانی نشست کیلئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں جس کیلئے سیکورٹی کے زبردست بندوبست کئے گئے ہیں۔ پارلیمانی حلقہ انتخاب ادھپور ۔ڈوڈہ میں اس بار بارہ  اْمیدوار میدان میں ہیں جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈاکٹر جتندر سنگھ،کانگریس پارٹی کے وکرم ادتیہ سنگھ،نیشنل پینتھرس پارٹی کے ہرش دیو سنگھ اور ڈوگرہ سوابھیمان سنگھٹن کے چودھری لال سنگھ قابل ذکر ہیں۔جغرافیائی طور پر سب سے بڑی پارلیمانی نشست ڈوڈہ ، کشتواڑ،ریاسی ، رام بن اور ادھپورو کھٹوعہ اضلاع پر مشتمل ہے اوراس نشست پر16لاکھ سے زائد رائے دہندگان حق رائے دہی کا مظاہرہ کریں گے۔اس مرتبہ خطہ چناب سے کوئی بھی سرکردہ سیاسی لیڈر الیکشن میں حصہ نہیں لے رہا اور مقابلہ براہ راست بی جے پی اور کانگریس کے درمیان متوقع ہے ۔اس پارلیمانی نشست کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے 2710 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے کئی کو حساس اور انتہائی حساس زمرے میں رکھاگیاہے ۔دیگر اضلاع کی طرح رام بن کے پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیںاور پولنگ عملہ اور ووٹنگ سامان پہلے ہی روانہ کیا گیا ۔بدھ کی دوپہر بعد بارشوں کے تھم جانے پر انتظامیہ اور پولنگ سٹاف نے راحت محسوس کی ۔واضح رہے 2014 کے پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو جیت حاصل ہوئی تھی جنہوںنے مد مقابل کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کو لگ بھگ ساٹھ ہزار ووٹوں سے ہرایا تھا تاہم اس مرتبہ کٹھوعہ میں چوہدری لعل سنگھ اور ادہمپور میں ہرش دیو سنگھ کی موجودگی انتخابی عمل میں دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔وہیں ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں بھی سیکورٹی و دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔ضلع الیکشن افسر ڈوڈہ ڈاکٹر ڈایفوڈ ساغر نے بتایاکہ چنائو کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور پولنگ عملہ اور سیکورٹی عملہ کو اپنے اپنے مقامات پر ضروری ساز و سامان کے ساتھ روانہ کردیاگیاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ عملہ کو صاف و شفاف انتخابات کو پرامن پرامن طریقہ سے انجام دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔