خطہ چناب میں عید میلاد النبی ؐ کی تقاریب انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد | کشتواڑ میں جلوس بھی نہ نکلا،ڈوڈہ ضلع میں میلاد جلوس نکالے گئے،رام بن میں تقاریب کا اہتمام

کشتواڑ+ڈوڈہ+بانہال//خطہ چناب میں عید میلاد النبی ؐ کی تقاریب انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئیں۔ضلع کشتواڑ میں بھی عیدمیلادالنبی ؐکا مقدس دن نہایت ہی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ مساجدوں میں ہی نعت خوانی و درودوازکار کی محفلیں منعقد ہوئیںجبکہ امسال بھی میلادجلوس نہ نکالا گیا۔عیدمیلاد کی تقریباب کو مساجدوں کے اندرہی منایا گیا جہاں صبح سے ہی بڑی تعداد میں لوگوں نے مساجد و خانکاہوں کا رخ کیا۔سب سے بڑی تقریب مرکزی جامع مسجد کشتواڑ میں انجام دی گئی جس دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور علما ئے کرام نے نبی کریم ؐ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی کو آنحضورؐ کے بتائے گئے راستے پر ڈال دیں۔ اس موقعہ پر قصبہ و گردنواح کی مساجد کو سجایا گیا تھا۔ دن بھر مختلف پروگرام منعقد ہوئے جبکہ بچوں نے نعت خوانی کی۔اگرچہ جلوس برآمد نہ ہوا تاہم لوگوں کی بڑی تعداد نے مساجد میں منعقد محفلوں میں شرکت کی۔ضلع میں عید میلادالنبی ؐکے موقع پرمساجدو خانقاہوں کے باہر حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی اضافی نفری کوتعینات کیا گیا تھاتاکہ کو ئی بھی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔ادھرڈوڈہ ضلع میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے جہاں مساجد میں خصوصی ذکر و اذکار و درود و سلام کی مجالس کا اہتمام کیا گیا وہیں تاریخی جامع مسجد بھدرواہ، ڈوڈہ، ٹھاٹھری و بھلیسہ کے مختلف مقامات پر پرامن جلوس نکالے گئے جس دوران علماء نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔تفصیلات کے مطابق حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولاد با سعادت کی مناسبت سے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ کی بیشتر مساجد میں خصوصی ذکر و اذکار کی مجالس کا اہتمام کیا گیا جس دوران فرزندان توحید نے عاجزی و انکساری کے ساتھ پورے عالم و باالخصوص جموں و کشمیر میں امن و اماں، سلامتی، ترقی و خوشحالی کی فضا قائم رہنے و مہلک بیماری سے نجات حاصل کرنے کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔اس موقع پر ایمہ مساجد و خطیبوں نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے ساتھ ہی دنیا سے جاہلیت و کفر وشرک کا زوال شروع ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم پورے عالم انسانیت کے لئے رحمت بن کر آئے تھے اور ان کی سنتوں کے مطابق عملی زندگی گذارنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔اس دوران تاریخی جامع مسجد بھدرواہ میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں فرزندان توحید نے شرکت کرکے پرچم اسلام کو سلامی دی اور نعرہ تکبیر کی صدائیں بلند کیں۔اس موقع پر پرامن جلوس بھی نکالا گیا۔ وہیں صدر مقام ڈوڈہ،ٹھاٹھری و گندوہ میں بھی بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے مساجد میں مجالس کا اہتمام کیا گیا۔اس دوران سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔اس دوران پیغمبر آخر زمان جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی نسبت سے بانہال میں عید میلادالنبی نبی کی کئی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جبکہ انتظامیہ کی طرف کووڈانیس کے پیش نظر محدود لوگوں کو بانہال قصبہ میں جمع ہونے کی اجازت نہیں تھی اور کراہ بانہال سے برآمد ہوئے عید میلادالنبی جلوس کو قصبہ میں شاہراہ ہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور سریکلچرل سیڈ ہائوس پل کے پاس پولیس جلوس کو واپس جانے پر مجبور کیا ۔ ضلع انتظامیہ رام بن نے قصبہ بانہال میں میونسپل پارک بانہال میں میں مرکزی تقریب میں عاشقان رسولؐ کی شرکت کو کووڈانیس کی وبا کے پیشِ نظر محدود رکھنے کا حکم دیا تھا اور کرواہ بانہال سے آئے جلوس کو پولیس نے قصبہ بانہال میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ میونسپل پارک بانہال میں عید میلادالنبیؐکی روایتی تقریب کے موقع پر محدود تعداد میں لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت تھی۔ اس موقع قرآن خوانی اور نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے بعداسلامی پر چم کو لہرا کر سلامی دی گئی۔ تقریب پر توحید اور رسالت پر۔مبنی نعروں سے پوری فضا گونج رہی تھی ۔اس موقع پر سیرت کمیٹی بانہال کے صدر حاجی عبدالغنی نے مسجد اور سیرت کمیٹی کو مبارکباد پیش کی گئی مفتی خورشید عالم امام جامع مسجد عیدگاہ بانہال نے بھی عالم اسلام کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے انہیں نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی گئی تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیابی نصیب ہو۔ سیرت کمیٹی بانہال کی انتظامیہ نے کووڈانیس کی وبا کے پیش نظر سرکاری انتظامیہ کی طرف سے عید میلادالنبی کی تقریب میں لوگوں کی محدود شرکت کی وجہ سے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دلوں کو پہنچی ٹھیس کیلئے ان سے معذرت کی ہے ۔ قصبہ بانہال کے قریبی گاں کراوہ علاقے سے عید میلادالنبی کا ایک جلوس نکالا گیا لیکن جلوس کو قصبہ بانہال میں پولیس نے داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ پولیس نے شاہراہ سے ملانے والی کراوہ رابطہ سڑک سیڈ ہاس پل سے قصبہ کی طرف آنے والے جلوس کو روک لیا اور انہیں وہاں سے واپس اپنے علاقے میں جانے پر مجبور کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس کی طرف سے زبردستی واپس بھیجنے کے بعد عاشقان رسول نے جامع مسجد دستگیر صاحب کراوہ میں عید میلادالنبیؐ کی تقریب منعقد کی ۔اس موقع ملک اور پورے عالم سے کورونا وائرس اور دیگر مصائب سے لوگوں کی عافیت کیلئے دعائیں کی گئیں۔ اس کے علاہ رام بن ،میترہ ، چندرکوٹ ، بٹوٹ ، گول اور بانہال کے درجنوں علاقوں اور مدراس میں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور رسول رحمت کی آمد پر روشنی ڈالی گئی۔ امن و امان کی کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور پیرا ملٹری فورس کی بھاری نفری کو بانہال اور ضلع رامبن کے دوسرے علاقوں میں تعینات کیا گیا تھا ۔