بانہال // عام آدمی پارٹی کی طرف سے پہلی بار ضلع رام بن کے حلقہ انتخاب بانہال کے کھڑی علاقے میں ایک عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر بلال احمد خان ، دہلی سے آئے کنوینر برائے جموں و کشمیر طلحہ احمد خان اور مقامی لیڈر خورشید احمد سہمت عرف خورشید فوجی مہمان خصوصی کے طور موجود تھے ۔ بس سٹینڈ کھڑی میں عام آدمی پارٹی کے اس پہلے اجلاس میں تحصیل کھڑی کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈران کے خیالات سنے۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کو لوگوں کے مشکل و مصائب کا واحد حل قرار دیتے ہوئے مقررین نے وہاں موجود لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عام ادمی پارٹی کو حلقہ انتخاب بانہال میں مضبوط کرکے اپنی تعمیر و ترقی کو یقینی بنائیں اور اس کے عوام دوست منشور کو گھر گھر پہنچانے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سربراہ اروند کیجریوال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی دن بہ دن ترقی کررہی اور دہلی میں ایمانداری سے حکومت چلانے کے بعد پارٹی دیگر ریاستوں میں بھی عوامی توجہ کا مرکز بن رہی ہے ۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے مقامی لیڈر خورشید احمد سہمت ساکنہ کندن ، کھڑی نے بتایا کہ تحصیل کھڑی کے علاقے سے اب تک کوئی بھی شخص نے بطور اسمبلی امیدوار میدان میں نہیں آیا ہے اور اب وقت آیا ہے کہ ناچلانہ سے مہو منگت تک اور نیل سے پوگل پرستان تک کوئی نوجوان سامنے آکر عام آدمی پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کھڑا ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے پارٹی ورکر انہیں اپنا امیدوار دیکھنا چاہتے ہیں لیکن پہلے ان کی کوشش ہے کہ کوئی بہتر اور با صلاحیت نوجوان سامنے آکر عام آدمی پارٹی کی بانہال حلقہ انتخاب سے قیادت کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی میں بانہال ، کھڑی اور اکڑال پوگل پرستان سے زیادہ سے زیادہ لوگ شامل ہوجائیں تاکہ حلقہ انتخاب بانہال کے شہر و گام کی بہتر تعمیر و ترقی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص بطور امیدوار سامنے نہیں آتا ہے تو وہ خود عوام کی خدمت کیلئے تیار ہیں اور بطور امیدوار میدان میں آنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کا مشن ہے کہ وہ عام آدمی پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہنچائیں گے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو عاپ کا ممبر بناکر انہیں پارٹی میں شامل کرینگے تاکہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط اور مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی مشاورت کے بعد عام آدمی پارٹی کے پارٹی امیدوار کی حیثیت سے میدان میں انے کیلئے تیار ہیں اور اس کیلئے آئیندہ کا لائحہ عمل عوامی صلح ومشورے کے بعد جلد ہی طے کیا جائے گا۔
خطہ چناب میں عام آدمی پارٹی کی دستک
