خطہ چناب میں بھیڑ پالن و پولٹری وسائل کے فروغ پر زور

 کشتواڑ//پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشوپالن ، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کشتواڑ ضلع کے دورے کے دوسرے دن آج ویٹرنری ہسپتال کشتواڑ اور پولٹری ہیچری فارم کا دورہ کر کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری ، فشریزاور بھیڑ پالن شعبوں میں کافی وسائل موجود ہیں ۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان شعبوں میں یونٹ قائم کر کے کار خانہ داری کو فروغ دیں تاکہ مقامی اقتصادیات کو فرو غ حاصل ہوسکے۔انہو ں نے ویٹرنری ہسپتال میں لیکوڈ نائیٹروجن پلانٹ قائم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے بعد میں کئی ڈیری فارموں کا بھی معائینہ کیا اور وہاں لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوںنے یقین دلایا کہ کسانوں کے تمام مسائل کوتر جیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔انہوںنے ڈول ہستی ڈیم کا بھی دورہ کیا اور انہیں بتایا گیا کہ علاقے میں مچھلی پالن کو بڑھاواد ینے کے لئے 40ہزار بیج ڈیم میں ڈالے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ کشتواڑ میں خاص طور سے ٹراوٹ مچھلیوں کے کافی وسائل موجود ہیں۔ڈاکٹر سامون نے ٹھاٹھری میں شیپ بریڈنگ فارم کا بھی دورہ کیا ۔اُنہوں نے وہاں ہر طرح کی سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی۔ڈاکٹر سامون نے حضرت شاہ فریدالدین ؒ اور شاہ اسرار الدین ؒ کی زیارت گاہ پر بھی حاضری دی۔ڈی سی کشتواڑ انگریز سنگھ رانا، ایس ایس پی کشتواڑ راجندر کمار گپتا اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔