خطہ چناب اور میدانی جموں میں ہفتہ وار لاک ڈاﺅن ،کہیں ہُو کا عالم تو کہیں معمول کی چہل پہل

ڈوڈہ ضلع میں ہفتہ وار کورونا کرفیو نافذ رہا 

 جموں//ہفتہ وار کورونا کرفیو کے سلسلے میں خطہ چناب کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں ہُو کاعالم رہا جبکہ رام بن ضلع میں جزوی بندشیں عائد رہیں تاہم میدانی جموں میں صورتحال بالکل اس کے برعکس تھی جہاں ہر طرح کی سرگرمیاں کم و بیش جاری تھیں۔ڈوڈہ ضلع میں لاک ڈاﺅن کے دوران نجی کاروباری ادارے بند رہے تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ و ایمرجنسی سروسز معمول کے مطابق بحال رہیں۔ ہفتہ کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں نجی کاروباری ادارے بند رہے جس کے نتیجے میں مزدور پیشہ افراد کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران جہاں عوامی ٹرانسپورٹ بدستور جاری رہا وہیں ایمرجنسی سروسز معمول کے مطابق بحال رہیں۔ادھر ضلع کشتواڑ کے مختلف مقامات پر لاک ڈاﺅن کا ملاجلا ردعمل دیکھنے کو ملا۔جہاں قصبہ میں ضروری اشیاءکی دوکانیں کھلی رہیںوہیں دوسری طرف لوگوں کی چہل پہل بھی دیکھی گئی۔ اگرچہ چند دکانیں ، چھاپڑی والوں کی دوکانیں بند تھی وہیں دوسری طرف سبھی دوکانیں کھلی تھیں جبکہ قصبہ کے مصروف ترین مقامات کو چھوڑ کر دیگر سبھی جگہوں پر سبھی دوکانیں کھلی رہیں جبکہ دن بھر سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی جاری رہی ۔اس دوران رام بن میں لاک ڈاو¿ن کے باوجو دغیر ضروری کاروباری ادارے ہفتہ کو کھلے رہے۔میدانی جموں کے اضلاع جموں ،کٹھوعہ ،سانبہ اور ادھم پور میں بھی صورتحال کچھ ایسی ہی رہی جہاں بیشتر مقامات پر نہ صرف ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلتا رہا بلکہ کاروباری ادارے بھی کھلے رہے اور بازاروں میں ٹھیک ٹھاک بھیڑ دیکھنے کو ملی ۔