خطہ چناب اور میدانی جموں میںشدید بارشیں

جموں//خطہ چناب اور میدانی جموں میں بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق جمعرات کو ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور بیشتر دیہات میں بجلی و پانی نظام متاثر ہوا ہے۔جمعرات کو صبح سے ہی موسم ابر آلود رہا اور بعد دوپہر ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ و بھلیسہ،بونجواہ و دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشیں شروع ہوئیں جو شام تک جاری رہیں۔متواتر بارشوں و برفباری سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں رابطہ سڑکیں زیر آب آچکی ہیں اور ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔اس دوران کئی علاقوں میں پانی کی سکیموں و بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔شدید بارشوں سے نکاسی نظام، پگڈنڈی راستے و گلی کوچے تباہ ہوئے ہیں۔ادھرضلع کشتواڑ کے میدانی و بالائی علاقہ جات میں بارشوں و برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکررہگی یے۔ بدھ کو اگرچہ مطلع ابرالود رہا تاہم جمعہ کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جودن بھر جاری تھا۔￿بالائی علاقہ جات مڑواہ، واڑون، دچھن کیشوان ، چھاترو ، بونجواہ پاڈر کے علاقہ جات میں جم کر بارشیں ہوئیں جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھیں۔علاقہ دچھن کو ضلع ہیڈکوارٹر سے جوڑنے والی کشتواڑ ڈنگڈورو سڑک بھاری پسی کی زد میں آنے کے سبب آمدورفت کیلئے بند ہوگئی۔جمعرات کو بعد دوپہر ڈنگڈورو کے مقام پر پہاڑی کا بڑا حصہ ڈھہ گیا جس کی زدمیں سڑک کا حصہ آیا جسکے سبب یہ سڑک آمدورفت کیلئے بند ہوگئی تاہم فوری طوراسے آمدودفت کے قابل بنانے کیلئے کوئی اقدام نہ کیاگیا۔ وہیں ڈنگڈورو کے مقام پر پاور پروجیکٹ سایڑ کے قریب پہاڑی کا حصہ بھی ڈھہ گیا جبکہ تین کے قریب مزدوروں کے شیڈ بھی اسکی زد میں آئے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔دریں اثناء بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں جمعرات کی دوپہر ایک بجے سے شروع ہوئی ہلکی ہلکی بارشوں اور بانہال اور جواہر ٹنل کے پہاڑوں پر تازہ برفباری کا شروع ہوا تازہ سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری تھا ۔ بارشوں اور پہاڑوں پر تازہ برفباری کی وجہ سے موسم ایکبار پھر سرد ہوگیا ہے اور پہاڑی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ادھر میدانی جموں میں بھی دن دن بھر بوندا باندھی ہوتی رہی اور وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری تھا جس سے سردی میں قدرے اضافہ ہوگیا ہے۔