خطہ چناب اور جموں کے کچھ علاقوں میں بارشیں | سنتھن ٹاپ پر رواں سال کی پہلی برف باری ،درجہ حرارت میں گراوٹ

عاصف بٹ
کشتواڑ+جموں//خطہ چناب کے ڈوڈہ اور کشتواڑ علاقے کے ساتھ ساتھ جموں کے کچھ حصوں میں تازہ بارشوں سے درجہ حرار ت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس دوران سنتھن ٹاپ پرامسال کی پہلی برفباری ہوئی۔خطہ چناب کے علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی جبکہ جموں کے دیگر حصوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھدرواہ میں سب سے زیادہ 24.7 ملی میٹر بارش ہوئی جس کے بعد بانہال میں 2.4 ملی میٹر، بٹوٹ میں 1.6 ملی میٹر، کٹرا 1.0 ملی میٹر بارشیں ہوئی ۔ اس دوران خطہ چناب میں جم کر بارشوں کے ساتھ ساتھ سنتھن ٹاپ پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقہ جات میں منگل کی دیررارت شروع ہوئی بارشیں بدھ کی دوپہر تک جاری رہیں جسکے بعد موسم بہتر ہواتاہم شبانہ بارشوں کے سبب درجہ حررات میں نمایاں کمی درج کی گئی۔ضلع کے بالائی علاقے سنتھن ٹاپ پر امسال کی پہلی برفباری ہوئی جہان ایک انچ کے قریب برفباری درج کی گئی تاہم اسکے باوجودکشتواڑسنتھن قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آواجاہی بلاخلل جاری رہی۔ ضلع کے میدانی علاقہ جات میں بھی صبح قریب دس بجے تک مسلسل بارش ہوتی رہی اور بعد دوپہر دھوپ کھل گئی۔ موسمی تبدیلی کے سبب درجہ حررات میں نمایاں کمی درج کی گئی اور لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال بھی شروع کردیا ۔اس دورا ن محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 25.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 23.8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت کے لیے معمول سے 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 15.0 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 15.7 ڈگری سینٹی گریڈ، کٹرہ 22.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 15.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔