خطہ پیر پنچال کے متعدد علاقہ میں شدید ژالہ باری

راجوری //خطہ پیر پنچال کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دنوں سے کئی مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے کسانوں کی فصلیں متاثر ہوئی ہیں ۔خطہ میں گزشتہ دنوں میں درجہ حرارت میں ہوئے اضافے کی وجہ سے شدید گرمی ہونا شروع ہوگئی تھی تاہم اس دوران جمعرات کی شام اور جمعہ کی شام مختلف علا قوں میں شدید بارش کی وجہ سے جہاں گرمی کی شد ت میں کمی آئی ہے وہائیں کسانوں کی جانب سے تیار کی جارہی دھان و دیگر فصلوں کی پنیریاں اور مکئی کی اگائی جارہی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔گزشتہ روز ہوئی شدید ژالہ باری کی وجہ سے مینڈھر ،سنگیوٹ ،کوٹلی کالابن ،منجا کوٹ ،دھیری رلیوٹ ،گھمبیر مغلاں ،ککوڑھ ،بھمبر گلی ،بھٹیاں ،تھنہ منڈی کے علاو ہ سب ڈویژن نوشہرہ اور سب ڈویژن کوٹرنکہ کے مختلف علاقوں میں شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے کچھ ایک مقامات پر ندی او ر نالوں میں پانی کا بہائو بھی کچھ عرصہ کیلئے تیز ہو گیا ۔کسانوں نے بتایا کہ انہوں نے حال میں ہی دھان کی پنیری تیار کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا تاہم ان علاقوں میں ہوئی ژالہ باری کی وجہ سے ان پنیروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ اس کے علاوہ کئی علاقوں میں سبزیوں کے علاوہ میوہ جات کا نقصان بھی ہوا ہے ،متاثرین نے راجوری اور پونچھ انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ژالہ باری سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معاوضہ دیا جائے ۔