خطہ پیر پنچال کو صوبہ کا درجہ دینے کی مانگ

 کوٹرنکہ //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے یوتھ لیڈر نے انجینئر سجاد پسوال نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خطہ پیر پنچال کو صوبہ کا درجہ دیا جائے ۔انہوں نے یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ خطہ کی عوام ایک لمبے عرصہ سے خطہ پیر پنچال کو صوبہ کا درجہ دینے اور پہاڑی ترقیاتی کونسل کی مانگ کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے عوامی مانگ کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی گورنر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کو چاہیے کہ عوامی مانگ کی جانب سنجیدگی سے غور کیا جائے۔موصوف نے کہاکہ اگر کرگل اور لیہہ کی عوام کی مانگوں کو پورا کیا جاسکتا ہے تو خطہ پیر پنچال کیساتھ سوتیلا سلوک روا رکھنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انجینئر سجاد پسوال نے کہاکہ سابقہ حکومت کے دور میں پی ڈی پی نے عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوششیں کیں لیکن بھاجپا نے اس سلسلہ میں رکاوٹیں پیدا کیں ۔انہوں نے خطہ پیر پنچال کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے حق کیلئے متحد ہو کر کام کریں ۔