پونچھ+راجوری //جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے میدانی علاقوں میں مسلسل بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا عمل جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہائیں کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے ۔دونوں سرحدی اضلاع کے میدانی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ سرحدی ضلع پونچھ میں بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ لگاتار بارشوں کی وجہ سے جہاں پر بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد ہوگیا ہے وہی بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کئی طرح کی مشکلات درپیش ہیں۔شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے شہر اور مضافات میں شدید سرد موسم کا وار جاری ہے جس نے نظام زندگی معطل کردیا ہے۔سرحدی ضلع پونچھ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات دس بجے سے بارش جاری ہے جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔ ضلع کے بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری اور بارشوں کی وجہ سے کچھ مقامات پررابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہے، ضلع انتظامیہ برف باری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔اس دوران عوام کو بجلی سپلائی دستیاب کرنے کے لئے محکمہ بجلی ملازم بجلی کے ڈھانچوں کو ٹھیک کر کے بجلی کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ضلع کی تحصیل منڈی میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے شدید بارش اور ہلکی برفباری کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہو گئی ہے ۔تحصیل کیساتھ ساتھ ضلع کے بالائی علاقوں لورن، ساوجیاں آڑائی ،چھلا، ڈھانگری،بیدار بلنائی ،ڈھوکڑی، پنچ ککڑیاں بی جی، ڈی کے جی اور مغل شاہراہ سمیت ضلع کے متعدد بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ ضلع کے میدانی علاقوں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا نا مساید موسمی صورت حال کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی وہیں پر سردی میں بھی کافی زیادہ شددت محسوس کی گئی۔تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں کو جانی والی متعدد سڑکوں سے انتظامیہ کی جانب سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری رہا جبکہ بجلی کے نظام بھی کافی حد تک متاثر رہا ادھر عوام نے انتظامیہ سے موسمی حالات کے پیشِ نظر تمام تر بنیادی سہولیات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں بسے عوام کیلئے بجلی پانی اور راشن کے انتظامات کئے جائیں تاکہ عوام کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ضلع انتظامیہ کے مطابق موسمی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے پورے ضلع میں انتظامات کر رکھے ہیں۔راجوری ضلع کے اکثر علاقوں میں شدید بارش کیساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا عمل بھی جاری ہے ۔ضلع کی تحصیل منجا کوٹ ،تھنہ منڈی ،نوشہرہ ودیگر علاقوں میں بارش کی وجہ سے عا م زندگی مفلوج ہو کررہ گئی ہے۔کوٹرنکہ سب ڈویژن میں بھاری بارش کی وجہ سے جہاں عام زندگی مفلوج ہوئی ہے وہائیں بجلی سپلائی میں آئے خلل کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔سب ڈویژن کے مکینوں نے انتظامیہ بالخصوص محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بارش کی آمد کیساتھ ہی اکثر دیہات میں بجلی غائب ہو جاتی ہے ۔بارش کی وجہ سے سب ڈویژن کی رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہو رہی ہیں ۔کوٹرنکہ تا بدھل رابطہ سڑک مکمل نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کے دوران صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے ۔مقا می لوگوں نے بتایا کہ موسم سرماکے دوران عوام کو بنیادی سہولیات ہی میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام زندگی مزید متاثر ہو رہی ہے ۔سب ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔
خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے مسلسل بارش وپہاڑی علاقو ںمیں تازہ برفباری ،سردی کی شدت میں اضافہ ،بجلی سپلائی متاثر
