سمت بھارگو +عظمیٰ یاسمین+رمیش کیسر +جاوید اقبال +حسین محتشم +عشرت حسین بٹ
راجوری +پونچھ //ملک اور جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی ۔اس موقع پر درجنوں مقامات پر پروگرام منعقد کئے گئے تھے جن میں علماء کرام کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔راجوری ضلع میں سب سے بڑی تقریب ضلع ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہوئی ۔اس تقریب سے قبل ہیڈ کواٹرمیں ایک جلوس محمدی برآمد ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی جو کہ قصبہ کے مختلف علاقوں میں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوا ۔اسی طرح ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں بھی تقریبات منعقد ہوئی جبکہ اس سلسلہ میں ایک جلوس بھی نکالاگیا ۔ سب ڈویژن تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں میلادالنبیﷺ بڑے تزک و احتشام سے منائی گئی۔ اس موقع جماعت اہلسنت صوبہ جموں رجسٹرڈ اکائی تھنہ کے سربراہ اور غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے خطیب و امام حافظ محمد نصیرالدین نقشبندی کی قیادت میں ایک عظیم الشان جلوس محمدی نکالا گیا جس میں سینکڑورں کی تعداد میں فرزندان توحید نے حصہ لیا۔ یہ جلوس حسب روایت حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی سے شروع ہوا اور اپنے مقررہ راستوں ، رینہ محلہ، مین بازار تھنہ منڈی، شال مارکیٹ سے ہوتا ہوا غوثیہ جامع مسجد میں پہنچ کر ایک عظیم الشان جلسے میں تبدیل ہو گیا۔ اس دوران مختلف علاقوں سے نمودار ہونے والے کئی چھوٹے بڑے جلوس بھی بڑے جلوس میں ضم ہوئے جن میں بھاری تعداد میں عاشقان رسول شامل تھے۔ اس کے علاوہ غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی اور دیگر کئی مساجد اور میلاد کمیٹیوں کے تعاون سے درجنوں جلوس نکالے گئے جو غوثیہ جامع مسجد میں پہنچ کر جلسہ میں ضم ہوگئے۔ جلسہ کی صدارت حضرت مولانا سید اطہر حسین شاہ نے کی۔ حافظ محمد اشتیاق نے تلاوت کلام مجید سے پروگرام کا آغاز کیا جبکہ حاجی افضل ضیاء قاری وجاحت حسین اور حافظ جاوید رضا نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس اجلاس میں کشمیر اور اضلاع راجوری پونچھ سے کئی مقتدر علماء کرام ، مفتیان عظام اساتذہ اور طلباء کے علاوہ کئی دینی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر جماعت علماء اہلسنت کے نامور عالم دین اور مناظر اہلسنت حضرت علامہ مولانا مفتی مولانا مفتی عبدالروف نعیمی نے کہا کہ در اصل میلاد مصطفی کا اصل مقصد امن و سلامتی کا پیغام ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی منزل عشق خداوندی اور عشق رسول ﷺمیں فناہ ہو جانا ہے۔ اپنے فکر انگیز خطاب میں مفتی عبدالروف نعیمی نے کہا کہ ہمارا معاشرہ بظاہر خوبصورت چمکتا دھمکتا تو نظر آرہا ہے مگر یہ اندر سے اخلاقی بے راہ روی، بیحیائی، آوارہ گردی، جھوٹ فراڈ، زناکاری چوری ، حسد و بغض، بد دیانتی، آوارہ گردی، والدین کی نافرمانی، نفسانی خواہشات، اور نشہ جیسی سماجی اور معاشرتی بیماریوں میں مبتلا ہو کر زوال کے آخری کونے تک پہنچ چکا ہے اور عمیق نظروں سے گردوپیش کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد ایک بھیانک صورت حال نظر آتی ہے۔ جس کی سب سے بڑی وجہ دین سے دوری ہے۔ معزز مہمان نے حکومت کے مختلف محکمہ جات بالخصوص محکمہ پولیس سے کہا کہ وہ ایسے گندے عناصر کی سرکوبی کے لئے فعال کردار ادا کرے اور ہر علاقے میں گائوں محلے اور مرکزی سطح پر اصلاحی کمیٹیاں قائم کی جائیں تاکہ یہ برائیاں ختم ہو سکیں۔ اس جلسے میں علاقہ بھر سے متعلقہ دینی سیاسی اور سماجی شخصیات نے حصہ لیا۔ اس ایمان افروز تقریب کو غوثیہ جامع مسجد، حنفیہ جامع مسجد ہسپلوٹ، نور الایمان جامع مسجد اسلام پور، اکبری جامع مسجد باترونی اور صدیق اکبر جامع مسجد الال کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ پروگرام کے آخر میں حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے تحصیل انتظامیہ بالخصوص جموں و کشمیر پولیس اور دیگر تمام معاونین و منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ صلواۃ و سلام کے بعد پوری انسانیت کے لئے خصوصی دعا پر اس تقریب کا اختتام ہوا۔ پروگرام کے بعد تمام سامعین و ناظرین میں پْرتکلف ماکولات و مشروبات تقسیم کئے گئے۔ جماعت اہلسنت پونچھ کے بینر تلے ہر سال کی طرح اس سال بھی عید میلاد النبی ﷺ باوقار انداز میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔شہرپونچھ کامرکزی جلو س میلا د النبی بروزمنگل12ربیع الاول/بمطابق17 ستمبر2024 سہ پہر مرکزی جامعہ مسجد شریف پہنچ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے مرکزی عید گاہ کنز میں اختتام پذیر ہوا۔یہ جلوس میلاد علما و مشائخ و قائدین اہلسنت کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان ہیں توحید نے شامل ہو کر نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم پڑھ کر اور نعرہ تکبیر کی آوازیں بلند کر کے سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔انتظامیہ کی جانب سے جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی،سڑکوں کی مرمت و استر کاری، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کی گئی تھی جبکہ اہلسنت و الجماعت کی مختلف تنظیموں کی جانب سے بھی مساجد، بازاروں دینی اداروں کو برقی کمکموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔جلوس میں شامل فرزندان توحید نے اپنے بچوں کو مخصوص لباسوں سے مزین کیا ہوا تھا جبکہ تمام لوگوں کے ہاتھوں میں جھنڈیاں اور مختلف قسم کے بینر تھے جن پر نعتیہ یا اشعار اور سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فضائل تحریر کے گئے تھے۔مرکزی عید گاہ پہنچنے پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سیرت سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر مدلل بیان فرمائے، عالم انسانیت کے لیے دعائیں طلب کی گئیں اور شرکا میں تبرک تقسیم کیا گیا۔ضلع کی منڈی تحصیل میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر پْر وقار تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جس دوران تحصیل کے مختلف علاقوں میں جلوس محمدی بھی برآمد کئے گئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید شریک ہوئے تحصیل منڈی میں سب سے بڑی دو تقریبات منعقد ہوئیں جن میں جماعت رضاے مصطفٰے مرکزی جامعہ مسجد منڈی اور رضائے مصطفٰے آعلی پیر منڈی کی جانب سے محافل کا اہتمام کیا گیا تھا اور نماز ظہر کے بعد آعلی منڈی میں مو مقدس کی زیارت کے بعد جلوس محمد برآمد کیا گیا ادھر مرکزی جامعہ مسجد منڈی سے بھی نماز ظہر کے بعد جلوس برآمد کیا گیا اور دونوں جلوسوں میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید شریک ہوئے جلوسوں کے دوران حضور اکرم حضرت محمد مصطفٰے کی ولادت کے حوالے سے علما کرام نے بیانات بھی فرمائے اور اس دوران فرزندان توحید نے نعت رسول مقبول اور منقبت کا ورد کرتے ہوئے تمام عالم اسلام کو نبی آخر حضرت محمد مصطفے کی ولادت با سعادت کے حوالے سے مبارک باد بھی پیش کی گئی جلوس کے آخر پر دعایہ مجلس کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس دوران پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں امن و امان کے لئے بھی دعا مانگی گئی۔ مینڈھر میں اس سلسلہ میں متعدد تقریبات منعقد کی گئیں ۔مرکزی جامع مسجد مینڈھر سے عید میلاالنبیﷺ کے سلسلہ میں ایک عالی شان جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی یہ جلوس امام و خطیب مرکزی جامع مسجد مینڈھر کے امام و خطیب مولانا محمد ایوب نقشبندی کی قیادت میں نکالا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر بابا غلام شاہ باد شاہ یونیورسٹی راجوری کے پروفیسر مفتی محمد عاصم ملک نے شرکْت کی اوردن پرخصوصی روشنی ڈالی ۔