خطہ پیر پنچال میں شب معراج النبی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

پونچھ//پورے ملک کی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع راجوری اور پونچھ میں شب معراج النبی انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی۔۔اس سلسلے میں خطہ کی مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں معراج العالم کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے رسول پاک ﷺکی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے ۔سرحدی ضلع راجوری کیساتھ ساتھ پونچھ کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں سردی کے باوجودبڑ ی تعداد میں عقیدت مندو ں نے شرکت کی ۔سرحدی ضلع پونچھ میں شب معراج النبی انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی، اس موقع پر مساجد پر چراغاں کیا گیا،قصبہ پونچھ کی مختلف مساجد میں محافل کا انعقاد کیا گیا جہاں دیر رات تک نعت و منقبت کی صدائیں گونجتی رہیں۔ علمائے کرام نے خصوصی محافل کے دوران فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی اور نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کے فضائل اور شان پر خطابات دئیں۔مرکزی جامع مسجد پونچھ، مرکزی جامع مسجد بگیالاں،امام بارگاہ عالیہ پونچھ، مرکزی جامعہ مسجد اہل حدیث پونچھ میں علمائے کرام نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفر معراج رسول اکرم (ص) کی حیات طیبہ کا اہم ترین واقعہ اور معجزہ ہے۔ موجودہ سائنس اس عظیم واقعے کی تصدیق کرتی نظر آتی ہے۔شب معراج کے موقع پر شہر بھر میں ضلع پولیس کی جانب سے تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر پولیس کی خصوصی تعینات کی گئی تھی۔