خطہ پیر پنچال میں سخت ترین سیکورٹی انتظامات

راجوری //یوم آزادی سے قبل خطہ پیر پنچال میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں اور جگہ جگہ پولیس و سیکورٹی فورسز اور فوج کے اہلکاروں کو تعینات کیاگیاہے ۔پورے خطے میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں اور سیکورٹی فورسز و دیگر ایجنسیاں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہی ہیں ۔اس دوران جگہ جگہ شاہراہ اور دیگر جگہوں پر ناکے لگاکر آنے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ کئی جگہوں پر اچانک سے گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے اور سیکورٹی کے سخت انتظامات رکھے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے انتظامات ماحول کو پرامن بنائے رکھنے کیلئے اہم ہیں تاکہ امن دشمن عناصر اپنی کوششوں میں کامیاب نہ ہوسکیں ۔دریں اثناء راجوری پولیس نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم آزادی کے پروگرام کو احسن طریقہ سے انجام دینے کیلئے تعاون فراہم کریں ۔