خطہ پیر پنچال اور وادی چناب کے 8اضلاع پر توجہ مرکوز پولیس کے 19انسداد ملی ٹینسی یونٹ قائم ،پولیس افسروں کی تعیناتی کا حکم

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے جموں صوبے کے8 اضلاع میں 19 خصوصی انسداد دہشت گردی یونٹس قائم کئے ہیں۔حکام کے مطابق یہ اقدام جموں کے پرسکون علاقے میں بڑھتے ہوئے ملی ٹینسی حملوں کے درمیان ہوا ہے۔ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق”ان یونٹوں میں سے ہر ایک کی سربراہی ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (DySP) کریںگے اور وہ مستقل طور پر نامزد اضلاع میں تعینات ہوں گے” ۔انہوں نے کہا “یہ یونٹ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ذمہ دار ہوں گے اور ساتھ ہی ساتھ معمول کے امن وقانون معاملات کو بھی سنبھالیں گے۔” ان خصوصی یونٹوں کے لیے جن اضلاع کی نشاندہی کی گئی ہے وہ ادھم پور، کٹھوعہ، ریاسی، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن، راجوری اور پونچھ ہیں۔ ان اضلاع کے اندر مخصوص تھانے اور چوکیاں موثر کوریج کے لیے ہر یونٹ کو تفویض کی گئی ہیں۔ان یونٹس کا فوکس خاص طور پر پیر پنجال کے علاقے اور وادی چناب پر ہوگا۔ حکام نے کہا کہ ان اندرونی علاقوں میں حالیہ مہینوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

 

حکام نے کہا کہ پولیس کی یہ یونٹس اس کام کو حاصل کرنے کے لیے دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کریں گی۔عہدیداروں نے کہا کہ جموں اور کشمیر پولیس کو یقین ہے کہ جدید ترین وسائل اور تربیت سے لیس یہ یونٹس ان خطوں میں عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں نمایاں کمی لائیں گے۔احکامات کے مطابق، چرنجیت سنگھ کو آئی آر کی دوسری بٹالین سے تبدیل کر کے ڈپٹی ایس پی بسنت گڑھ ادھم پور کے طور پر تعینات کیا گیا ہے جہاں پچھلے دو مہینوں کے دوران دہشت گردی سے متعلق کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں خانیڈ میں جڑواں انکائونٹر بھی شامل ہیں۔ مبشر رسول کو ڈپٹی ایس پی دچھن کشتواڑ تعینات کیا گیا ہے جو وادی چناب کے دور افتادہ علاقے میں سے ایک ہے جبکہ جاوید اقبال تبسم کو ڈپٹی ایس پی بنی کٹھوعہ تعینات کیا گیا ہے۔ اصغر علی ملک کو ڈپٹی ایس پی اودھم پورجبکہ فراز حسین شاہ کو ڈپٹی ایس پی سنگلدان رام بن تعینات کیا گیا ہے۔ ظفر مہدی کو ریاسی میں ڈپٹی ایس پی مہور چسانہ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔اپدیش کمار کو پونچھ میں ڈپٹی ایس پی گرسائی جبکہ کلدیپ کمار کو ڈپٹی ایس پی چندر کوٹ بٹوٹ رام بن عسر، پٹنی ٹاپ ہونگے۔سریندر موہن کو ڈپٹی ایس پی کالاکوٹ اور عارف حسین ملک گوہا مرمت تعینات کیا گیا ہے۔ مغل روڈ کے ساتھ واقع پونچھ کے بفلیاز میں ایک نئے پی سی یونٹ کو حتمی شکل دی گئی ہے جس کے ساتھ ماجد علی کو ڈپٹی ایس پی تعینات کیا گیا ہے۔ رام بن کے اکھرال میں، لطیف احمد خان کو ڈپٹی ایس پی جبکہ سجاد حسین کو ادھم پور میں لاٹی کے پی سی یونٹ میں ڈپٹی ایس پی کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ستویر سنگھ کو ریاسی میںپناسا جبکہ اشونی کمار کو پونی ریاسی میں ڈپٹی ایس پی اور سربجیت سنگھ کو گلاب گڑھ ریاسی میں تعینات کیا گیا ہے۔ وشال منہاس کو ڈپٹی ایس پی منڈی پونچھ جبکہ پنکج کمار اور سکھویر سنگھ کو ڈیسا کستی گڑھ میں نئے پی سی اسٹیشنوں کے ڈپٹی ایس پی کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ ضلع کشتواڑ کے علاقے دراب شالہ میں عبدالرحمان کو نئے پی سی یونٹ کے ڈپٹی ایس پی کے طور پر تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔