خطہ پیرپنچال میں موسم نے پھربدلی کروٹ

راجوری+پونچھ //راجوری اورپونچھ اضلاع کے بالائی علاقوں میں گزشتہ روزہوئی تازہ برفباری اوربارشوں کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثرہوئے اورمتعدد علاقوں میں بجلی نظام درہم برہم ہوکررہ گیا۔ذرائع کے مطابق راجوری وپونچھ اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں سوموارصبح سے ہی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میںبارشوںکاسلسلہ شرو ع ہوگیاتھاجس کالوگوں کی معمولات پرمنفی اثرپڑا۔اس سلسلے میں کوٹرنکہ کے پہاڑی علاقہ کے محمدحنیف نامی شخص نے کہاکہ یہاں پردرمیانہ درجہ کی تازہ برفباری ہوئی ہے ۔اسی طرح راجوری تھنہ منڈی کے محمدعمران نے کہاکہ یہاں پرہلکی برفباری ہوئی ہے جبکہ درمیانہ درجہ کی بارش ہوئی ہے ۔بارشوں اوربرفباری کی وجہ سے راجوری اورپونچھ کے کچھ دیہات بھی بجلی سپلائی بھی متاثرہوئی جس سے لوگوں کوپریشانیوں کاسامناکرنا پڑا۔ادھرگزشتہ چند دنوں کی تیز دھوپ کے بعد پیر کے روز موسم نے ایک دفعہ پھر مزاج بدلا اور تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے ساتھ میدانی علاقوں میں شدید بارش دیکھنے کو ملی ۔ ذرائع کے مطابق تحصیل منڈی کے علاقہ لورن ساوجیاں چھمبر کناری بلنائی میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ اس سے نچلے تمام علاقوں میں بارش کا سلسلہ لگاتار جاری ہے جس کی وجہ سے سردی نے پھر سے شدت اختیار کر لی اور لوگوں نے دوبارہ گرم ملبوس پہنے – اس حوالے سے عوام نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کے مہینے میں ایسا موسم تو نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن یہ قدرتی نظام ہے – ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو اس سلسلہ میں پہلے سے ہی اقدامات اٹھا کر عوام کیلئے راشن بالن تیل اور دیگر چیزوں کا انتظام کرنا چاہیئے جس سے وہ دشواریوں کا سامنا نہ کریں – ان کے مطابق اس سال بھی شدید سردی میں لوگوں نے پریشانیوں کا سامنا کیا ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ آئندہ بھی یہ مشکلات درپیش آئیں اس لئے وہ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ آئندہ سال لوگوں کی پریشانیوں کو مد نظر رکھ کر ان کے لئے سرما کے انتظامات اولین وقت میں کرے ۔