خصوصی دفعہ سے چھیڑ چھاڑ ناقابل قبول:جماعت اسلامی

سرینگر//جماعت اسلامی نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دوروزہ احتجاجی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ایک بیان میں جماعت نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے حوالے سے بھارتی آئین کی دفعہ 35Aکے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ یہاں کے عوام کو قبول نہیں ہوگی اور اس سلسلے میں عوام یک رائے ہیں۔ اس سلسلے میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جو احتجاجی پروگرام دیا گیا ہے، جماعت اسلامی جموں وکشمیر اُس کی مکمل تائید کرتی ہے۔ ریاست کی موجودہ پوزیشن کو مزید کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کا مشترکہ طور مقابلہ کرنے کے عوامی عزم کو کسی بھی صورت میں ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ جماعت اسلامی اربا ب اقتدار پر زور دیتی ہے کہ ان مذموم کوششوں کو فوری طور ترک کریں اور یہاں کے عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کسی بھی کوشش سے گریز کیا جائے۔