خصوصی درجے کی منسوخی کی دوسری برسی

راجوری //جموں وکشمیر کی خصوصی درجہ کی منسوخی کی دوسری برسی کے موقعہ پر خطہ پیر پنچال میں حالات پُر امن رہے ۔خصوصی درجہ کی منسوخی کی دوسری برسی کے سلسلہ میں راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔انتظامیہ کی جانب سے پولیس اور نیم فوجی دستوں کی اضافی ٹیمیں تعینات کی گئی تھی ۔جمعرات کے روز پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ آفیسران بھی سڑکوں پر گشت کرتے رہے ۔دوسری جانب دونوں سرحدی اضلاع میں بھاجپا کارکنوں نے دفعہ 370اور 35A کی منسوخی کے سلسلہ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا کئی ایک مقاما ت پر منعقدہ تقریبات کے دوران کارکنوں نے قومی جھنڈالہرا کو خوشی کا اظہار کیا تاہم دونوں سرحدی اضلاع میں حالات پُر امن رہا ۔اس دوران نوشہرہ سب ڈویژن میں بھی حکام کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار قصبہ میں تعینات رہے تاہم اس دوران کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ سامنے نہیں آیا