خسرہ بیماری کی روک تھام کیلئے ٹیکہ کاری

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابدر شید شاہ نے کل ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کمیٹی کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران ضلع میں خسرہ بیماری پر روک تھام کے لئے اگلے ماہ سے شروع ہونے والی ٹیکہ کاری مہم کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مختلف سطحوں پر مہم کے بارے میں جانکاری اورعملے کو تربیت دینے کا عمل شروع کیا گیا ہے جب کہ زونل اوربلاک سطحوں پر مائیکرو پلاننگ بھی حتمی مرحلے میں ہے۔میٹنگ میں یہ جانکاری دی گئی کہ محکمہ صحت کو تمام سکولوں اوروہاں زیر تعلیم طلبأ کے بارے میں اطلاعات فراہم کی گئی ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ ٹیکہ کاری سے محروم نہ رہ سکے۔ترقیاتی کمشنر نے ٹیکہ کاری کے بارے میں وسیع جانکاری مہم چلانے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوںنے محکمہ تعلیم اورآئی سی ڈی ایس کو مہم کی کامیابی کے لئے محکمہ صحت کو بھرپور تعائون فراہم کرنے کی ہدایت دی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 6ہفتوں کے دوران جاری رہنے والی اس مہم میں تین مرحلوںمیں 9ماہ سے 15سال تک کی عمر کے 4.7لاکھ بچوں کی ٹیکہ کاری کی جائے گی۔