خریف سیزن2021کی تیاریاں

سری نگر// زرعی پیداوار اور بہبودی کسانان محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے آج ڈائریکٹوریٹ زراعت لال منڈی سری نگر میں خریف سیزن 2021ء کے لئے بیج کی خریداری اور تیاری کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہونے کے لئے اَفسران کے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں نیشنل سیڈ کارپوریشن ، سیٹ اور نجی ایجنسیوں سے مختلف فصلوں کے بیجوں کی خریداری کے طریقہ کار اور خریف سیزن 2021 ء کی تیاریوں پر سیر حاصل بحث ہوئی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے جموںوکشمیر میں فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے بیجوں کی خریداری کے تین سالہ وژن اور بیج کی خریداری کے لئے وسیع رہنما خطوط وضع کرنے پر  زور دیا۔اُنہوں نے کسانوں میں تقسیم سے قبل بیج معیارکی چیکنگ اور جانچ کرنے اور نیشنل سیڈ کارپوریشن جیسے مصدقہ سپلائرز سے اس کی خریداری کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ کمتر معیار فصلوں کی کاشت کے پورے موسم کو متاثر کرے گا جس سے زراعت کی سرگرمیاں بُری طرح متاثر ہوں گی۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سبزیوں ، دواؤں کے پودوں ، مصالحے ، مرچ ، آلو کے بیج ، زیرہ وغیرہ سمیت کیش کراپس کی کاشت کے لئے اپنے وسائل کو تیار کریں جو کاشتکاروں کے لئے نفع بخش ثابت ہوگا۔پرنسپل سیکرٹری نے بیج کی جینوم میپنگ کے لئے تکنیکی بنیادی ڈھانچے کی تنصیب کی ہدایت دی تاکہ مقامی آب و ہوا کی صورتحال میں اس کے معیار اور عملداری کو جانچنے کے علاوہ یونیورسٹیوں میں ٹیسٹ کیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پورے ملک کے لئے بیج سپلائی کرنے کی صلاحیت موجودہے۔میٹنگ میں ناظم زراعت چودھری محمد اقبال ،جوائنٹ ڈائریکٹر بیج،کیڑے مار دوا اور کھاد کشمیر، جوائنٹ ڈائریکٹر فارمز ، سپائسز ، میڈیسنل پلانٹس ،پریکیورمنٹ منڈیز اینڈ لینڈ یوز، جوائنٹ ڈائریکٹر غنچۂ ابریشم اور مشروم ڈیولپمنٹ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن ، جوائنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی ایچ ایم ، اِنفرا اینڈ ایف ایم اورجوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر انجینئرنگ کشمیر ڈویژن نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر اے پی اور ایف ڈبلیو ڈی جموں کے کے شرما اور صوبہ جموں کے دیگر اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔