خرافات کی زد میں آچکامعاشرہ توجہ کا مستحق :میر واعظ

سرینگر//حریت(ع) چیرمین اور متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمدعمر فاروق نے رمضان المبارک کے عشرہ رحمت میںوعظ و تبلیغ کی مجالس کے سلسلے میں کل جامع اہلحدیث وانگن پورہ عیدگاہ میں نماز عصر کے بعد ایک بھاری دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کو نفسانی خواہشات کے خلاف جہاد سماجی خرافات سے اجتناب برے کاموں سے دوری ناداروں ، محتاجوں اور مسکینوں کی اعانت اور عبادت الٰہی کا خوگر بنادیتا ہے لیکن رمضان المبارک میں روزہ داروں سے اللہ تعالیٰ کا جو سب سے بڑا تقاضہ ہے وہ یہی ہے کہ عبادات الٰہی کی انجام آوری اور برائیوں سے اجتناب اپنے نفس اور سماج کے تزکیہ کا عمل پورے سال جاری  رہے اور محض رمضان کے مہینے میں برائیوں سے اجتناب برتنے سے فلسفہ رمضان کے تقاضے پورے نہیں ہوتے ۔میر واعظ نے کہا کہ ہماری ذات کے علاوہ ہمارا سماج اور ہمارا معاشرہ جو آج کل شدید ترین خرافات کی زد میں آچکا ہے ہماری خصوصی توجہ کا مستحق ہے اور اگر ہماری سماجی اور معاشرتی زندگی سنور جاتی ہے تو سماج سے برائیاں خود بخود ختم ہو جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ سماج اور قوم  نامساعد حالات سے دوچار ہے اور تقاضا ہے کہ ہم لوگ ہر سطح پر بھر پور ملی وحدت اور اجتماعیت کا مظاہرہ کریں۔