خراب موسم کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک جاری قصبہ بانہال میں وقفے وقفے سے ٹریفک کی روانگی میں خلل بھی آیا

محمد تسکین

بانہال// ابر آلود موسم اور خراب موسم کے دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور دو طرفہ مال اور مسافر بردار ٹریفک نے شاہراہ سے اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا۔ٹریفک کنٹرول یونٹ نے بتایا کہ ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل جاری رہی اور مہاڑ اور ڈھلواس کے مقام ٹریفک کی نقل و حرکت سڑک کی خرابی کی وجہ سے سست روی کا شکار رہی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز موسم اور سڑک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی شاہراہ کا سفر کیا جائے۔اس دوران قصبہ بانہال میں ہفتے کی دوپہر سے ہی معمولی کی طرح وقفے وقفے کا ٹریفک جام رہا جس کیوجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت سست رفتار رہی اور یہ سلسلہ شام سے پہلے پہلے اپنے اختتام کو پہنچا۔ ٹریفک جام کی وجہ سے تحصیل کھڑی مہو منگت اور رامسو ، مکرکوٹ ، نیل اور بانہال کے مضافاتی علاقوں سے قصبہ بانہال کا رخ کرنے والے عام لوگوں اور شاہراہ کے مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑاجبکہ شاہراہ اور ضلع رامبن کے مسافروں ، ملازموں ، مریضوں اور سکول ، کالج اور ٹیوشن جانے والے بچوں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات سکولی بچوں اور سرکاری ملازمین کو جام میں گھنٹوں بِتانے کے بعد واپس اپنے گھروں کی راہ لینا پڑتی ہے۔