خبردار!دکانوں کے باہر مال واسباب سجانے پر40ہزار روپے جرمانہ ہوگا

 سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے کہا ہے کہ سڑکوں پر غیر قانونی تجاوزات ،چھاپری فروشوں اور ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرنے والوں کے خلاف مہم جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیںاورٹریفک کی باقاعدہ نقل وحرکت اورپیدل چلنے والوں کی راحت رسانی کے لئے مہم کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار کل آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں وادی کشمیر میں ٹریفک کی مجموعی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے لالچوک،ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اوردیگر مصروف شاہرائوں پر غیر قانونی طور براجمان چھاپڑی فروشوں کو ہٹانے کے لئے ایس ایم سی اور پانتہ چھوک میں بھی چھاپڑی فروشوں کو ہٹانے اور انہیں طے شدہ جگہوںپر منتقل کرنے کے احکامات صادر کئے۔انہوںنے دکانوں کے باہر مال واسباب سجانے والے دکانداروں کے خلاف 40ہزار روپے کا جرمانہ عائد کرنے کے لئے آفیسران کو ہدایات دیں۔صوبائی کمشنر نے مزید کہا کہ رو ڈ سائیڈ پیڈ پارکنگ کے بھی بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔میٹنگ میں آر ٹی او کشمیر،چیف ٹائون پلانر اورایس ایس پی ٹریفک کے علاوہ ایس ڈی اے اورایس ایم سی کے نمائندے بھی موجود تھے۔میٹنگ میں ٹریفک کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے سرکارکی طرف سے پچھلے کئی مہینوں کے دوران اُٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔