سرینگر//شہر سرینگر کے خانیار میں واقع حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ سے منسوب آستان عالیہ میں چوروں نے دوران شب نقب لگاکر اس سے نقدی رقم اُڑالی ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے چور کی تصویر شائع کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چور کی شناخت کرنے کی کوشش کریں ۔ شہر سرینگر کے پائین شہر کے خانیار علاقے میں واقع آستان عالیہ شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی سیف کو دوران شب توڑ کر اس سے نقدی رقم اُڑالی ۔ پولیس کو اتوار کی صبح آستان عالیہ دستگیر صاحب ؒ کی انتظامیہ سے اطلاع ملی کہ چوروںنے دوران شب آستان کی سیف توڑ کر نقدی رقم اُڑالی ہے ۔ اس دوران پولیس نے چھان بین شروع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے چوری کی واردات کے وقت کی سی سی ٹی وی فٹیج سے چور کی تصویر شائع کی ہے ۔ پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چور کی شناخت کرنے کی کوشش کرکے پولیس کو چوری کی واردات کے معاملے کو حل کرنے میں تعاون پیش کریں ۔ اس دوران مقامی لوگوں نے آستان عالیہ کی سیف سے رقم اُڑالے جانے کے واقعے پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیاں انجام دینے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔(سی این آئی)