خانیار آتشزدگی سانحہ پر دارالخیرکااظہار رنج

سرینگر//خانیار میں بھیانک آگ کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے جاوید احمدحکاک، اہلیہ اور کمسن بچی کی المناک موت پر دکھ اور صدے کا اظہار کرتے ہوئے دارالخیر میرواعظ منزل نے مہلوکین کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔اس دوران دارالخیر میرواعظ منزل کا ایک اعلیٰ سطحی وفد ، جس میں محمد الطاف اور مفتی غلام رسول سامون اور دیگر ارکان شامل تھے، نے خانیار جاکر محبوس دارالخیر کے سرپرست اعلیٰ میرواعظ عمر فاروق کی طرف سے تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا ۔اس موقعہ پر وفد نے کنبے میں زندہ بچ گئی واحد بچی کو  دارالخیر کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اُسے اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے کے جو بھی اخراجات اور مصارف ہونگے، دارالخیر میرواعظ منزل پورے کرے گا۔ اس ضمن میں اگر مذکورہ بچی کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش آتی ہے تو براہ راست دارالخیر کے ارکان اور ذمہ داروں کے ساتھ براہ راست رابطہ کرسکتی ہے۔