جموں //خانہ بدوش طبقہ کو موسمی ہجرت کی اجازت مل گئی ہے اوراس وقت جموں کے میدانی علاقوں میں مقیم اس طبقہ کی جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں منتقلی کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ۔ڈائریکٹر قبائلی امور سلیم خان نے اجازت نامہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم کی طرف سے کچھ ڈپٹی کمشنروں کو یہ عام ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خانہ بدوش طبقہ کو بالائی علاقوں میں منتقل ہونے کی اجازت دی جائے جس کے بعد ڈپٹی کمشنروں نے متعلقہ تحصیلداروں، سب ڈیویژنل مجسٹریٹس اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کو ضروری احکامات جاری کئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس بار اس موسمی ہجرت میں صرف ایک ہفتہ کی تاخیر ہوئی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ موسم گرما شروع ہوتے ہی کٹھوعہ ، سانبہ ، جموں، ریاسی ، اودھمپور ، راجوری ، پونچھ، کشتواڑ، ڈوڈہ اور رام بن کے نچلے علاقوں میں رہنے والے یہ قبائل مال مویشیوں سمیت بالائی علاقوں کی طرف ہجرت کرتے ہیں جس کیلئے باضابطہ انہیں انتظامیہ سے اجازت لیناہوتی ہے۔ ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ اودھمپور نے اپنے ایک حکم نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ ڈی ایف او اور ایس ایچ او سے اطمینان بخش رپورٹ ملنے کے بعدانہی خانہ بدوش کنبوں کو ہجرت کی اجازت دیں جو پیدل سفر کرناچاہتے ہوں ۔اسی طرح کا حکم ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ جموں نے بھی جاری کیاہے جس میں خانہ بدوشوں کو ڈھوک جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ محکمہ ما ل ، محکمہ پولیس اور محکمہ جنگلات ا ن خانہ بدوشوں کی منتقلی میں مدد کریں گے اوراس دوران کورونا وائرس کے پیش نظر سماجی دوریوں کو یقینی بنایاجائے گا۔ان افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ خانہ بدوش کنبے مناسب صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور دوران سفر ماسک کا استعمال کیاجائے ۔ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ نے بھی ایسا ہی حکم جاری کرکے خانہ بدوشوں کو پیدل سفر کرنے کی اجازت دی ہے تاہم انہیں متعلقہ ایس ایچ او ، تحصیلدار اور سرپنچ سے این او سی سرٹیفکیٹ لیناہوگی ۔قبائلی کارکن اور ٹرائبل ریسرچ و کلچرل فائونڈیشن کے بانی ڈاکٹر جاوید راہی کاکہناہے کہ تمام ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے خانہ بدوشوں کوہجرت کی اجازت دی گئی ہے ، لیکن انتظامیہ کو انہیںایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے کیلئے چھوٹی مال بردار گاڑیوں کوچلنے کی اجازت دینی چاہئے تاکہ وہ اگلے چھ ماہ کیلئے اپنے ساتھ راشن و دیگر سامان بھی لے جاسکیں جو پیدل لیجانا مشکل ہے ۔
خانہ بدوشوں کو موسمی ہجرت کی اجازت مل گئی | لاک ڈائون کے باوجود بالائی علاقوں میں منتقل ہونے کا عمل شروع
