خانہ بدوشوں کا مغل روڈ کھولنے میں تاخیر پر احتجاج | لیڈران کی ڈویژنل کمشنر جموں سے ملاقات، سڑک کی بحالی کا مطالبہ

سمت بھارگو+بختیار کاظمی
راجوری+سرنکوٹ //مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت کی بحالی میں تاخیر کو لے کر خانہ بدوش بکرالوں کے خاندانوں نے امتیازی سلوک کا الزام لگاتے ہوئے سڑک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گاڑی پر سوار یہ خانہ بدوش موسمی ہجرت کے ایک حصے کے طور پر پونچھ سے وادی کشمیر جا رہے تھے۔ان خانہ بدوشوں کو لے جانے والی گاڑی کوچیکنگ پوسٹ پر روک دیا گیا جس کے بعد خانہ بدوش سڑک پر دھرنے پر بیٹھ گئے اور حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ خانہ بدوش موسمی ہجرت کے ایک حصے کے طور پر وادی کشمیر کی طرف بڑھتے ہیں اور گاڑیوں پر اپنا سامان لے جاتے ہیں لیکن یہ سال ان کیلئے قدرے عجیب ہو رہا ہے کیونکہ حکام ابھی تک مغل روڈ کو ٹریفک کیلئے بحال نہیں کر پائے ہیں۔مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ سڑک پر ان کی نقل و حرکت سے انکار ان کے مویشیوں کو پریشانی میں ڈال دے گا۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ حکومتی حکام بااثر لوگوں کی پیروی کرتے ہوئے سڑک پر چل رہے ہیں اور عام لوگوں کو نقل و حرکت کی اجازت دینے سے انکار کر رہے ہیں۔مقامی سول اور پولیس انتظامیہ نے اس یقین دہانی کے ساتھ احتجاج کو پرامن کیا کہ سڑک کی بحالی کا ان کا مطالبہ اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔دریں اثناء راجوری اور پونچھ سے تعلق رکھنے والے منتخب عوامی لیڈران کا ایک وفد بشمول ڈی ڈی سی ممبر درہال اقبال ملک، ڈی ڈی سی ممبر تھنہ منڈی عبدالقیوم میر اور دیگر نے ڈویژنل کمشنر جموں سے ملاقات کی اور سڑک کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ان لیڈران نے کہا کہ سڑک کی بندش کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مسائل اور برف صاف ہونے کے باوجود اس کے کھلنے میں تاخیر کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔آفیسر موصوف نے ان کو یقین دلایا کہ مذکورہ معاملہ اعلیٰ حکام کیساتھ اٹھایا جائے گا ۔