خانپورہ بارہمولہ کی قدیم زیارت خستہ،از سر نو تعمیر کرنے کا مطالبہ

بارہمولہ//بارہمولہ کے خانپورہ علاقے میں 600 سالہ پرانی زیارت حضرت سید جانباز ولیؒ خستہ ہوچکی ہے جو زائرین کیلئے باعث خطرہ بن سکتی ہے ۔زائرین نے وقف بورڈ پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ پندرہ سال قبل وقف بورڑ نے اس زیارت کو اپنی تحویل میں لیا تھا تاہم آج تک اس زیارت کی مرمت بھی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے آرہے زائرین کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔ ایک مقامی شہری ظہور احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس زیارت کی تمام دیواریں خستہ ہوچکی ہیں جبکہ پانی کے نل بھی زنگ آلودہ ہوچکے ہیں اوریہی حال بجلی کا بھی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ وقف بورڈکو اس زیارت سے ایک بڑی آمدنی حاصل ہوتی ہے تاہم اس کی تعمیر و تجدید کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے ۔ زیارت کے متولی خورشید احمد شاہ نے بتایا کہ وقف بورڈ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے زیارت گاہ سے منسلک مسجد کی مرمت مسجد کمیٹی نے کی لیکن وقف بورڈ اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر اس زیارت کو جلد از جلد تعمیر نہیں کیا گیا تو وہ اس زیارت کواپنی تحویل میں لیکر سنبھالیں گے ۔