خانصاحب و سنگرامہ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے کام کاج کا جائیزہ

 سرینگر//وزیر برائے تعلیم سید الطاف بخاری نے بڈگام کے خانصاحب اور بارہ مولہ کے سنگرامہ حلقہ ہائے انتخاب میں سکول اور اعلیٰ تعلیم کے محکموں کے کام کاج کا جائیزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔دوران میٹنگ دونوں حلقہ ہائے انتخاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے متعدد فیصلے لئے گئے۔ وزیر برائے باغبانی سید بشارت بخاری اور رکن اسمبلی خانصاحب حکیم محمد یٰسین میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں محکمہ کو درپیش مسائل اور ان مسائل کے حل کے لئے اصلاحی اقدامات اُٹھانے پر تفصیلی غور وخوض ہوا۔ سی ای او بڈگام نے اس موقعہ پر مڈل، ہائی اور ہائیر سکینڈری سکولوں میں کام کاج کا ایک خاکہ پیش کیا۔وزیر نے مرکزی معاونت والی ایس ایس اے اور رمسا کے کام کاجن کے بارے میں تفصیل طلب کی۔ انہوں نے ان حلقہ ہائے انتخاب میں سکولوں کی تعداد، بنیادی ڈھانچہ، مختلف آفات سماوی میں تباہ ہوئی سکول عمارتوں کی تعمیر و تجدید کے بارے میں جانکاری طلب کی۔بخاری نے افسران کو ان سکولوں کی تعمیر و مرمت کا کام معین مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افسران کو محکمہ تعلیم میں مختلف خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیر نے دونوں حلقہ ہائے انتخاب میں سکولوں کی توسیع کے لئے استعمال میں لائے گئے ضلع اور ریاستی فنڈس کا بھی جائیزہ لیا اور متعلقہ حکام کو سکولوں کی توسیع وجدید کاری میں مقامی قانون سازوں کو شامل کرنے کی ہدایت دی۔سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ،ناظم تعلیم جی این اتو، ڈائیریکٹر ایس ایس اے، ڈائریکٹر رمسا، ڈائریکٹر کالجز اورمحکمہ تعلیم کے دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔