ارشاد احمد
بڈگام// خانصاحب سے ملحقہ کڑھ واری کے مقام پر اتوار کی شام ایک موٹر سائیکل سوار پر دو افراد نے تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کرکے اسے بری طرح زخمی کردیاجو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دوافراد کی گرفتاری عمل میں میں لائی۔پولیس نے بتایا کہ خانصاحب سے ملحقہ کڑھ واری کے مقام پر اتوار کی شام دو افراد نے پیشے سے ترکھان 25 سالہ موٹر سائیکل سوار فیاض احمد نجار ولد عبدالرشید ساکن گورویٹھ کے سر پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کردیا۔مزکورہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جسے بعد میں سب ضلع ہسپتال خانصاحب منتقل کیا گیا جہاں سے اس کو صورہ منتقل کیا گیا تاہم دوران شب وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔واقعے کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس قتل میں ملوث دو طلاب طاہر بشیر خان ولد بشیر احمد خان اور ہلال احمد لون ولد عبدالغنی لون ساکنان کڑھ واری کو گرفتار کیا۔ایس ایچ او خانصاب آفتاب احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں طالب علم سڑک پر کھڑا تھے، جس کے دوران وہاں سے موٹڑ سائیکل سوار تیز رفتاری سے گذرا، اور طالب علموں کو یہ گمان گذرا کہ وہ موتڑ سائیکل کی زد میں آسکتے تھے، تو انہوں نے اسے کچھ برا بھلا کہا ۔ موٹر سائیکل سوار رک گیا جس کے بعد طرفین میں ہاتھا پائی ہوئی جس کے دوران ترکھان کے سر پر ڈنڈا مارا گیا جس کے نتیجے میں اسکی موت واقع ہوئی۔ایس ایچ او نے مزید کہا کہ ملزمان میں سے طاہر بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہے اور دوسرا نوجوان بارہویں میں ناکام ہوا ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت قانونی لوازمات مکمل کرکے آخری رسومات ادا کرنے کے لئے نعش اہل خانہ کے سپرد کرکے مزید تحقیقات کا عمل شروع کردیا۔واقعہ کے ضمن میں کیس زیر نمبر60/2022درج کیا گیا ہے۔