خانصاحب سیاسی سطح پر نظر انداز:حکیم یاسین

جموں//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ خانصاحب علاقے میں واٹر سپلائی سکیم ’سوکھ ناگ‘ کے دوسرے مرحلے پر فوری طور کام شروع کریں جس سے تقریباََ 55گائوں کے ایک لاکھ نفوس کو پینے کے پانی کی سہولیت فراہم ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اس واٹر سپلائی اسکیم کیلئے تمام لوازمات اور ڈی پی آ ر مکمل ہے، اب صرف ٹینڈر الاٹ کرنے کا کام گذشتہ دو سال سے رُکا پڑا ہے ۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ سوکھ ناگ واٹر سپلائی اسکیم کے دوسرے مرحلے کی بدولت حلقہ خانصاحب کے بالائی علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے مانگ کی کہ اس واٹر سپلائی اسکیم پر فوری طور کام شروع کیاجانا چاہئے۔حکیم یاسین نے خانصاحب علاقے کے نالہ سوکھ ناگ اور شالی گنگا پر مجوزہ منی پن بجلی پروجیکٹ پر فوری طور کام شروع کرنے کی بھی مانگ کی ہے جس کے لئے ڈی پی آر بھی مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کچھ عرصہ قبل مذکورہ منی پن بجلی پروجیکٹ کیلئے ٹینڈر بھی مشتہر کئے گئے تھے مگر نا معلوم وجوہات کی بنا پر اب تک کام شروع 
نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوںنے خدشہ ظاہر کیا کہ حلقہ انتخاب خانصاحب کو گذشتہ کچھ حکومتوں کے دوران سیاسی عناد کی بنیاد پر نظر انداز کیا گیا ہے ۔حکیم یاسین نے گورنرستیہ پال ملک سے درخواست کی ہے کہ وہ حلقہ انتخاب خانصاحب میں عرصہ دراز سے رُکے پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کو مکمل کرانے میں ذاتی مداخلت کریں۔