خادنیاربارہمولہ میں ناکہ چیکنگ

بارہمولہ //بارہمولہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بدھ کے روز ٹی آر ایف سے وابستہ دو ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا ،جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ۔ پولیس کے مطابق انہیں ایک خاص اطلاع ملی تھی کی کھچاداری زہم پورہ علاقے اور دیگر مرکزی علاقوں میں ایک گروپ امن و امان خراب کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود استعمال کررہے ہیں ۔ جس کی بنا پر بارہمولہ پولیس ، فوج کی46 آر آر ، ایس ایس بی کی2 بٹالین اور 53 بٹالین سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے زہم پورہ خادنیار اندورنی سڑک پر ناکہ لگایا جس دوران ایک سکوٹی زیر نمبر JK05A-9328 کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ڈرائیور نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی ۔پولیس بیان کے مطابق حفاظتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کا رلا کر دونوں کو حراست میں لیا۔ انہوںنے بتایا کہ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 40 اے کے راونڈ برآمد ہوئے۔گرفتار شدگان کی شناخت امتیاز احمد بردال ولد سراج الدین اور منیر احمد ولد سراج الدین ساکنان کچا داری زہن پورہ کے طور ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران گرفتار شدگان نے بتایا کہ وہ لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف کے ساتھ وابستہ ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے تھانہ شیری میں انڈین آرمز ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔