خاتون کی گمشدگی پر سندربنی میں احتجاجی مظاہرہ

راجوری //ایک خاتون کی گمشدگی پر سندربنی میں اس کے رشتہ داروں اور گھر والوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے جموں پونچھ شاہراہ کو بھی بند کردیا ۔انہوںنے پولیس کے خلا ف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام لگایاکہ وہ خاتون کی تلاش میں لیت و لعل سے کام کررہی ہے ۔مظاہرین نے بتایاکہ آشا ویدی زوجہ اشوک کمار ساکن سندر بنی طبی معائنہ کیلئے اپنے شوہراور اس کے دوست سونی کمار کے ساتھ جموں گئی تھی لیکن اشوک کمار اور اس کا دوست واپس ااگئے لیکن خاتون کاکوئی پتہ نہیں چلا۔انہوں نے کہاکہ پولیس کا اس کیس کے حوالے سے کوئی کارروائی نہ کرنا یہ ظاہر کرتاہے کہ دال میں کچھ کالاہے ۔ انہوںنے الزام لگایاکہ خاتون کی گمشدگی میں اس کا شوہر اشوک کمار ولد کرشن لعل اور اس کا دوست سونی کمار ولد تارا چند ملوث ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ کہیں خاتون کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہی نہ انجام پایاہو۔انہوںنے بتایاکہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ سندر بنی میں کیس درج کرایاگیاہے لیکن ابھی تک پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔کئی گھنٹوں کے احتجاج کے بعد پولیس افسران موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو یقین دلایاکہ وہ اس معاملے پر ہورہی تحقیقات میں تیزی لائے گی ۔اسی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیاگیا اور شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی ۔