یو این آئی
نئی دہلی// مغربی بنگال کی راجدھانی کولکتہ کے ایک اسپتال میں ایک خاتون ریزیڈنٹ ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر پیر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر ہیں۔اس ہڑتال کا اہتمام فیڈریشن آف آل انڈیا ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کیا ہے، ریزیڈنٹ یا جونیٔر ڈاکٹروں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے پیش نظر ملک کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہنگامی خدمات میں خلل نہ پڑنے کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام سینئر ڈاکٹروں کی چھٹیاں اور دورے منسوخ کر دیے گئے ہیں اور انہیں متعلقہ ہسپتالوں کے شعبہ جات میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔قومی راجدھانی دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال سے موصولہ اطلاع کے مطابق او پی ڈی، آپریشن اور دیگر خدمات کو بحال کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے گئے ہیں۔ لوک نائک اسپتال اور صفدر جنگ اسپتال میں او پی ڈی، سرجری اور وارڈ کی خدمات کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا۔ صفدر جنگ ہسپتال میں میڈیکل آفیسرز، جنرل ڈیوٹی میڈیکل آفیسرز اور ماہرین کام کریں گے۔ اساتذہ کو بھی کام کرنے کو کہا گیا ہے۔ریذیڈنٹ ڈاکٹر نے زیادتی اور قتل کے ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر کولکتہ کے متعلقہ اسپتال کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ فیڈریشن نے ڈاکٹروں کی حفاظت کے حوالے سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط لکھا ہے اور مرنے والے ڈاکٹر کے لیے جلد انصاف اور ملک بھر کے تمام ہیلتھ کیٔر ورکرز کے لیے حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔