حیدر مالی اور مانکل نوگام میں بنیادی سہولیات کا فقدان | لوگ بجلی ،پانی اور بہتر سڑک رابطہ کیلئے ترس رہے ہیں

کپوارہ//قدرتی حسن سے مالا مال بنگس وادی کے عقب میں واقع حیدر مالی اور مانکل دو ایسے علاقے ہیں جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا کہ بہتر بجلی ،پانی اور سڑک رابطہ ہنوز ایک خواب ہے ۔ہندوارہ قصبہ سے 17کلو میٹر دو ر حیدر مالی اور مانکل دیہات کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ہردور میں حکومتوں نے انہیں تعمیر و ترقی کے لحاظ سے نظر انداز کیا اور یہی وجہ ہے کہ یہا ں کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔حیدر مالی اور مانکل نوگام کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ بجلی کا نظام اس قدر درہم برہم ہے کہ معمولی بارشو ں اور برف باری کی وجہ سے بجلی سپلائی کئی کئی روز تک منقطع رہتی ہے اور یہ دونو ں علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ۔مقامی لوگو ں کے مطابق لکڑی کے عارضی کھمبوں یا درختوں سے ترسیلی لائنیں لٹکی ہوئی ہیںجبکہ یہ ترسیلی لاینیں بھی خستہ ہیں ۔مقامی لوگو ں کے مطابق آ ج تک ان علاقوں میں بجلی سپلائی کا نظام درست نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق علاقے میں بہتر سڑک رابطہ ایک خواب بنا ہواہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ بہتر سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے یہا ں کے لوگو ں کو کئی کئی کلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ بہتر علاج و معالجہ کے لئے یہا ں کے مریض ترس رہے ہیں کیونکہ ان علاقوں میں کوئی بھی ایسا اسپتال قائم نہیں ہے جہا ں اُن کا علاج و معالجہ ہوتا اور نتیجے کے طور پر یہا ں کے لوگو ں کو 17کلو میٹر دور ہندوارہ یا لنگیٹ جانا پڑتا ہے ۔انہو ں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
 
 

پکھر پورہ اور ترال میں پینے کے پانی کی قلت

 سرینگر//ضلع بڈگام کے پکھر پورہ اور ہندوارہ ترال میں پینے کے پانی کی قلت کے نتیجے میںلوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔ پکھر پورہ  کے کئی دیہات میں لوگ آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ موہن پورہ ،چراری پورہ، کھیگام، قادی پورہ ،چک شیرو، فٹلی پورہ ،کارہ پورہ اور چک کارہ پورہ میںلوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے گوناگوں مسائل کا سامنا ہے۔ مساجد اور زیارت عالیہ میں پانی کی عدم دستیابی کے باعث نمازیوں اور زائرین کو سخت دقتوں کا سامناکرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف  برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ادھر ہندوارہ ترال سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بتایا کہ گائوں میں گزشتہ دو روز سے پینے کے پانی کی قلت ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔