سرینگر //نامپلی حیدرآباد میں ایک سالانہ نمائش میں لگی بھیانک آگ میں 200دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی ہیں جس میں سے 100کے قریب دکانوں میں کشمیری تاجروں کا کروڑوں کا مال بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ہولناک واردات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری تاجروں کو معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔حیدرآباد سے کئی تاجروں نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ بدھ کی رات 9بجے کے قریب اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریب 200دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔کشمیری تاجروں کے مطابق اس نمائش میں کشمیریوں کا کروڑوں روپے کا مال جل کر راکھ ہو گیا ہے جس سے وہ بے حد پریشان ہیں ۔تاجروں نے بتایا کہ وہ ہر سال مال لیکر حیدآباد نمائش میں جاتے رہے ہیں اور اس سال کام اچھا چل رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایک تاجر کا کم سے کم 25لاکھ کا نقصان ہوا ہے کیونکہ اس نمائش میں نہ صرف کشمیریوں کی شال کی دکانیں تھیں بلکہ ڈرائی فروٹ ، لدرووڈ کے علاوہ کپڑے کی دکانیں بھی تھیں ۔تاجروں نے مزید بتایا کہ آگ نے اس قدر تباہی مچا دی ہے کہ یہ اندازہ ہی نہیں لگ رہا ہے کہ کس کی دکان کہاں پر تھی ۔تاجروں نے مزید بتایا کہ اس نمائش میں کشمیر سے مہنگی چیزیں نمائش میں فروخت کیلئے رکھی گئیں تھیں لیکن اب وہ زمین پر آگئے ہیں ،کیونکہ اُن کے پاس کچھ بھی نہیں بچا ہے ۔ تاجروں نے اس دوران مقامی فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ پر الزام عائد کیا کہ اُن کی لاپرواہی کے نتیجے میں آگ پھیل گئی کیونکہ 15منٹوں تک محکمہ کی مشینری کام ہی نہیں کر پائی اور دیکھتے ہی دیکھتے مال راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔حیدآباد انتظامیہ کی طرف سے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات بھی شروع کر دی ہے ۔
کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چیئرمین شیخ عاشق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشمیریوں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے اور تلنگالہ انتظامیہ نے انہیں یقین دلایا ہے کہ تاجروں کی طرف مکمل دھیان دیا جائے گا ۔عاشق احمد نے مزید کہا کہ دوپہر 2بجے کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے تلنگانہ کے ہوم منسٹر محمود علی سے بات کی، جنہوں نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ اگلے 4روز میں تاجروں کیلئے نئے شیڈ تعمیر کئے جائیں گے اور نمائش کو بھی اگلے 15روز کیلئے بڑھایا جائے گا ۔عاشق احمد نے کہا کہ انہیں یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ حکومت سے جتنا ہو سکے گا نقصان کی برپائی کیلئے کیا جائے گا ۔ عاشق نے کہا کہ قریب 200دکانوں میں سے کشمیریوں کے قریب 100دکانیں تھیں جن میں قیمتی سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ادھر پی ڈی پی نے بھی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے ۔پی ڈی پی کے ترجمان اعلیٰ نے ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ حیدرآباد میں قومی نمائش کے دوران آگ سے جن تاجروں کو نقصان ہوا ہے ، انہیں سرکاری امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے ریاستی گورنر پر زور دیا ہے کہ وہ خصوصی نوڈل افسر مقرر کرکے تاجروں کو راحت پہنچائیں۔