حیدرآباد کو اسکے گھر میں پچھاڑنے اُترے گی دہلی

وشاکھاپٹنم// انڈین پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اپنے پہلے خطاب کی تلاش میں مصروف دہلی کیپیٹلس بدھ کے روز قسمت سے پلے آف میں پہنچی سنرائزرس حیدرآباد کو اسی کے گھر میں باہر کا راستہ دکھانے کے لیے زورلگائیگی ۔ دہلی آئی پی ایل کے ۔12ویں ایڈیشن میں اپنا چہرہ بدل کراتری اور اسے اسکا فائدہ بھی ملا۔سال 2013کے بعد سے مسلسل فہرست میں آخری مقام پر رہنے والی دہلی نے اس بار لیگ مرحلہ میں کمال کی کارکردگی پیش کی اور 14میچوں میں 9بار فتح حاصل کرتے ہوئے تیسرے مقام پر ہے ۔حالانکہ وہ ایک وقت چوٹی پر بھی پہنچ گئی تھی لیکن زیادہ دیر وہاں برقرارنہیں رہ سکی ۔دوسری طرف حیدرآباد آخری میچ ہارنے ہارنے کے بعد بال بال بچی اور ممبئی انڈینس کی کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف 9وکٹ کی شاندار جیت نے اسے چوتھے مقام پر رہتے ہوئے پلے آف میں پہنچادیا۔ویسے حیدرآباد لیگ مرحلہ کے 14میچوں میں صرف 6ہی میں جیت درج کرسکی جبکہ کولکاتہ اور پنجاب اتنے ہی میچ جیتنے کے باوجود باہر ہوگئیں ۔ کپتان کین ولیمسن کی ٹیم خوش قسمت رہی کہ اسے آخری مقابلوں میں خراب کارکردگی کے باوجود پلے آف میں جگہ ملی ہے اور اب ایلی منیٹر میں خود کوثابت کرکے فائدہ اٹھانے کا انکے پاس آخری موقع ہے ۔ حیدرآباد کو اپنے آخری میچ میں فہرست کی آخری ٹیم اور پلے آف کی دوڑ سے سب سے پہلے باہر ہوچکی رائل چیلنجرس بنگلور کے ہاتھوں چاروکٹ سے مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔وہی دہلی نے اپنا آخری میچ راجستھان رائلس کو اپنے کوٹلہ میدان پر پانچ وکٹ سے ہراکر جیتا۔  دہلی کی کوشش رہے گی کہ وہ اس کرو یامرو کے مقابلہ میں پورا زور لگائے اور اپنے پہلے خطاب کی امیدیں برقرار رکھے ۔دہلی بلے بازی اور گیند بازی میں متوازن ٹیم ہے اور اسے ایک بار پھر اپنے اسٹار بلے بازوں شکھر دھون ،کپتان شریئرس ایئر اوروکٹ کیپر رشبھ پنت سے کافی امیدیں ہونگی جنھو ں نے لیگ میچوں میں 400سے زیادہ رن بنائے ہیں ۔  پچھلے میچ میں پنت ناٹ آؤٹ 53رن کی اننگزکے ساتھ سرفہرست اسکورر رہے تھے جبکہ گیندبازوں میں اسپنر امت مشرا نے کفایتی گیندبازی کے ساتھ تین وکٹ لے کر حریف ٹیم راجستھان کو محض 115رن پر روکنے میں مددکی تھی ۔مشرا نے 9میچوں میں 9وکٹ لیے ہیں ۔سب سے کامیاب گیندباز کیگیسو ربادا کے باہر ہونے کے بعد مشرا،اکشر پٹیل اور ایشانت شرما ٹیم کے سب سے کامیاب گیندباز ہیں ۔ دوسری طرف حیدرآباد کو اپنے چوٹی کے اسکورر ڈیوڈ وارنر کی کمی محسوس ہورہی ہے ۔