حیدرآباد میں رمضان کی رونق میں اضافہ

 حیدرآباد، //تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں رمضان کی رونق میں کافی اضافہ دیکھاجارہا ہے ۔روحانی آسوگی سے بھرے اس ماہ مقدس میں مساجد مصلیان سے پُر دیکھی جارہی ہیں۔ بندگان خدا روزہ کے ساتھ ساتھ نمازوں،عبادات،ریاضت ،اعتکاف،ذکروافکار،توبہ ، استغفار،دعاوں میں مصروف ہیں۔لوگ اس ماہ مقدس کی ایک ایک ساعت کو قیمتی جان کر خالقِ ارض وسماکو منانے ،بندگی کا حق اداکرنے اورزیادہ سے زیادہ تلاوت قرآن مجید میں مصروف عمل دیکھے جارہے ہیں۔کئی مساجد میں تراویح میں قرآن مجید مکمل کیا گیا ۔ مساجد کے ساتھ عمارتوں کی چھتوں اور مکانات میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ خواتین کے لئے بھی تراویح اور سماعت قرآن کا اہتمام بڑے پیمانہ پر کیا گیا ہے ۔ مساجد ، درگاہوں،بارگاہوں اور خانقاہوں میں عبادات کے روح پرور مناظردیکھے جارہے ہیں۔دوسری طرف قرآن پاک کے نزول کے اس رحمتوں ، برکتوں،سعادتوں اورفضیلتوں والے اس بابرکت ماہ میں شہر کو خصوصیت کے ساتھ سجایا اور سنوارا گیا ہے ۔ مساجد میں روشنی ،پانی ،صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور مساجد کو رنگ برنگے بجلی کے قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔موسم گرم کی  تعطیلات کے سبب مساجد نورانی مناظر پیش کر رہی ہیں جو نوجوانوں اور بچوں سے پُر ہیں۔  شہر کی مساجد میں افطار اور سحری کا انتظام کرنے کا رحجان بڑھ گیا ہے اور کوئی مسجد ایسی نہیں ہے جہاں افطار کا انتظام نہ کیاگیا ہو تاکہ مسافروں اور مساجد میں اللہ کا ذکر کرنے والوں اور عبادت گزار مصلیان کے لئے کوئی کمی واقع نہ ہو۔متعددمساجد میں دوران رمضان میں نئے پنکھے اور اے سی بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ حیدرآباد کی شدید گرمی سے روزہ داروں کو راحت پہنچائی جائے ۔ بازاروں میں خریداروں کا ہجوم دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ شہر کے بازاروں میں خریداری عروج پر ہے ۔ مابعد افطار کپڑوں کی خریداری زور وشور سے جاری ہے جس کا سلسلہ رات دیر گئے تک اور پھر سحری تک بھی جاری ہے ۔بازاروں میں ہر قسم کے ملبوسات دیکھنے کو مل رہے ہیں اورکئی مقامات پر کپڑوں کے اسٹالس بھی لگائے گئے ہیں جہاں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔ مختلف ورائٹیز ، پروڈکٹس اور اشیا لوگوں بالخصوص خواتین کو اپنی طرف راغب کر رہی ہے ۔