حکومت گرنے کے بعد محبوبہ مفتی کاخطہ پیر پنچال کا پہلا دورہ

 
راجوری//بھاجپا کی طرف سے حمایت واپس لئے جانے کے ساتھ مخلوط حکومت گرنے کے بعد سابق وزیر اعلیٰ و پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی خطہ پیر پنچال کاپہلا دورہ کرنے جارہی ہیں جس دوران وہ راجوری اور پونچھ میں ضلع صدور مقامات پر ورکر کنونشن سے خطاب کریں گی اور ساتھ ہی وفود و کارکنان سے ملاقات کریں گی ۔ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہاہے جب ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کی افواہیں سرگرم ہیں اور پی ڈی پی کے کچھ ارکان پارٹی کی پالیسیوں سے خفا نظر آتے ہیں۔ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی چار ستمبر کو ضلع راجوری میں ورکر کنونشن سے خطاب کریں گی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں راجوری ضلع سے پی ڈی پی کو چار میں سے دو نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی اور راجوری سے قمر چوہدری جبکہ درہال سے ذوالفقار چوہدری پارٹی کی بطور ممبران اسمبلی نمائندگی کررہے ہیں ۔پارٹی نے نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے سریندر چوہدری کو ممبر قانون ساز کونسل بنایاہے ۔راجوری میں یہ کنونشن ڈاک بنگلہ میں منعقد ہوگاجس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پارٹی کارکنان اور عوامی وفود سے ملاقات کریں گی ۔اس کنونشن کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے راجوری میں چوہدری ذوالفقار علی کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع صدر اعجاز مرزا و دیگران بھی موجود تھے ۔ دور ے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اعجاز مرزا نے بتایاکہ یہ کنونشن ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقدہوگا۔راجوری میں کنونشن کے بعد محبوبہ مفتی پونچھ روانہ ہوجائینگی جہاں وہ پانچ ستمبر کواسی طرح کے ایک کنونشن سے خطاب کریں گی ۔پونچھ سے پی ڈی پی کے پاس تین میں سے ایک نشست ہے جہاں سے شاہ محمد تانترے ممبراسمبلی ہیں جبکہ پارٹی کے ایم ایل سی یشپال کاتعلق بھی پونچھ سے ہی ہے ۔سابق ممبرقانون سازکونسل مرتضیٰ خان کی پارٹی میں واپسی سے بھی پارٹی کارکنان میں ایک نیا جوش دیکھاجارہاہے۔ضلع پونچھ کے پی ڈی پی صدر شمیم ڈا ر نے بتایاکہ یہ کنونشن ضلع صدر مقام پر ہوگا جس کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔